1 ۔ باقی امثال ِ سلیمان یہ اَمثال بھی سُلیمؔان کی ہَیں۔ اِنہیں حزقیاہ شاہِ یہوداہ کے کاتبوں نے قلم بند کیا۔ 2 ۔ راز چھُپانا خُدا کا جلال ہے ۔ پر بات کی تحقیق کرنا بادشاہوں کا جلال ہَے۔ 3 ۔ آسمان کی بُلندی اَور زمین کی پستی اَور بادشاہوں کے دِل کی انتہا نہیں ملتی۔ 4 ۔چاندی کی مَیل کو دُور کر تو سُنار کے لئے برتن نِکل آئے گا۔ 5 ۔شریروں کو بادشاہ کے سامنے سے دُور کر ۔تو اُس کا تخت عدل سے قائم رہے گا۔ 6 ۔بادشاہ کے سامنے فخر نہ کر۔ اَور بڑے آدمیوں کی جگہ مت کھڑا ہو۔ 7 کیونکہ اگر تُجھ سے کہا جائے۔کہ یہاں اُوپر آ ۔تو یہ اِس سے بہتر ہَے کہ تو کِسی امیر کے حضُور پست کیا جائے۔ جسے تیری آنکھوں نے دیکھا ہَے۔ 8 ۔اُس کے بارے میں جھگڑا کرنے کے لئے جلد بازی نہ کر نہیں تو آخِر کار تُو کیا کرے گا جب کہ تیرا ہمسایہ تُجھے ذلیل کرے ۔ 9 ۔اپنے دعویٰ کے لئے اپنے ہمسائے سے جھگڑپر دُوسرے کا راز فاش نہ کر ۔ 10 ۔ایسا نہ ہوکہ سُننے والا تُجھے ملامت کرے اَور تیری رُسوائی دُور نہ ہو۔ 11 ۔ جو کلام اپنےوقت میں کہا جائے وہ چاندی کی رکابی میں سونے کا سیب ہَے۔ 12 ۔ یاد رکھنے والے کے کان کے لئے دانا جھِڑکی دینے والا سونے کی بالی اَور کُندن کا زیور ہَے۔ 13 ۔ وفادار ایلچی اپنے بھیجنے کے لئے فصل کی گرمی میں برف کی سردی کی مانند ہَے ۔کیونکہ وہ اپنے آقا کی جان کو تازہ دم کرتا ہَے۔ 14 ۔ جو جھوٹی لیاقت پر فخر کرتا ہَے وہ بے بارِش بادِل اَور ہَوا کی مانند ہَے۔ 15 ۔ صبر کرنے سے حاکمِ مہربان ہوجاتا ہَے اَور نرم زبان ہَڈی کو توڑ تی ہَے۔ 16 ۔جب تُو نے شہد پایا تو اِتنا کھا جِتنا تیرے لئے کافی ہَے۔ ایسا نہ ہو ۔کہ تُو اُس سے بھر جائے اَور قَے کرے۔ 17 ۔اپنے ہمسائے کے گھر میں تیرے قدم بہُت دفعہ نہ جائیں ایسا نہ ہوکہ وہ تُجھ سے دِق ہو جائے اَور تُجھ سے نفرت کرے۔ 18 ۔ جو آدمی اپنے ہمسائے پر جھُوٹی گُواہی دیتا ہَے۔ وہ ہتھوڑے اَور تلوار اَور تیز تیرکی مانند ہَے ۔ 19 ۔ مُصیبت کے دِن بے وفا آدمی پر اِعتبار کرنا ٹوٹے ہُوئے دانت اَور پھسلے ہُوئے پاؤں کی طرح ہَے۔ 20 ۔ غمگین دِل کے سامنے گیت گانا شورے پر سِر کہ ڈالنے کی مانند ہَے۔ 21 ۔ اگر تیرا دُشمن بھُوکا ہو تو اُسے روٹی کھِلا ا۔اَور اگر پیاساہو تو اُسے پانی پلا۔ 22 ۔کیونکہ تُو اُس کے سر پر آگ کے اَنگاروں کا ڈھیر لگائے گا اَور خُداوند تُجھے اجر دے گا۔ 23 ۔ شِمالی ہَوا بارِش کو لاتی ہَے۔ اَور چُغل خور کی زُبان چہرے کی ناراضگی کو۔ 24 ۔گھر کی چھت کے کونے پر رہنا جھگڑا لُو عورت کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنے سے بہتر ہَے۔ 25 ۔ جیسا کہ پیاسے کے لئے ٹھنڈا پانی ہَے ویسی ہی وہ نیک خبر ہَے جو دُور مُلک سے آئے ۔ 26 ۔ صادِق آدمی کا شریر کے آگے بےقرار ہونا ایسا ہَے جیسا کہ پانی کا وہ چشمہ جو گدَلا ہوگیا ۔ یا وہ سوتا جو بگڑگیا ہو۔ 27 ۔ کثرت سے شہد کھانا اچھّا نہیں۔اَور عزت کی تلاش کرنا نازیبا ہَے ۔ 28 ۔ جو اِنسان اپنی رُوح کو قابو میں نہیں رکھتا وہ شِکستہ اَور بے فصیل شِہر کی مانند ہَے۔