1 ۔ دیکھ۔ مَیں اپنا رُسول بھیجتا ہُوں جو میرے آگے راہ تیّار کرے گا اَور خُداوند جِس کے تُم طالِب ہو ناگہاں اپنی ہیَکل میں آموجُود ہو گا اَور عہد کا وہ رُسول جِس کے تُم آرزُو مند ہو۔دیکھو وہ آتا ہَے۔ (ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ 2 ۔لیکن اُس کے آنے کے دِن کو کون برداشت کرے گا؟ اُس کے ظہُور کے وقت کون کھڑا رہ سکے گا؟ کیونکہ وہ سُنار کی آگ اَور دھوبی کے تیزاب کی مانندہَے۔ 3 ۔ اَور وہ چاندی کو تپانے اَور خالِص کرنے کو بیٹھے گا۔اَور وہ بنی لاوؔی کو سونے اَور چاندی کی مانند پاک اَور صاف کرے گا تاکہ وہ صداقت سے پِھر خُداوند کے حضُور ہدئیے گُزرانیں۔ 4 ۔ اَور یہُودؔ اہ اور یرُوشلیِؔم کا ہدیہ خُداوند کو پسند آئے گا۔جیسا قدیم ایّام اَور گُزشتہ زمانے میں تھا۔ 5 ۔ اَور مَیں عدالت کے لئے تُمہارے نزدِیک آؤں گا۔ اَور جادُو گروں اَور زِناکاروں اَور جُھوٹی قسم کھانے والوں کے خلاف اَور اُن کے خلاف تیّار گواہ ہُوں گا۔ جو مزدُور کی مزدُوری نہیں دیتے اَور بیوہ اَور یِتیم پر ظُلم کرتے اَور پردیسی کی حَق تلفی کرتے ہَیں۔اَور مُجھ سے نہیں ڈرتے (ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ 6 ۔کیونکہ مَیں خُداوند تبدیل نہیں ہوتا ہُوں اَور تُم اَے بنی یَعقُوؔب نیست نہیں ہُوئے۔ 7 ۔ تُم اپنے باپ دادا کے وقت سے میرے قَوانین کو نہ مان کر اُن سےپھر تے آئے ہو۔تُم میری طرف رجُوع ہو تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے) لیکن تُم کہتے ہو کہ ہم کِس بات میں رجُوع ہوں؟ 8 ۔ کیا کوئی اِنسان خُدا کو ٹھگے گا؟ جبکہ تُم مُجھے ٹھگتے ہو اَور کہتے ہو کہ ہم نے تُجھے کِس بات میں ٹھگا ہَے؟ دَہ یکیوں اَور نَذَرانوں میں۔ 9 ۔ پس تُم سخت لعنتی ہو کیونکہ تُم بلکہ تمام قوم مُجھے ٹھگتے ہو۔ 10 ۔ پُوری دَہ یکی ذخیرہ خانے میں لاؤ۔تاکہ میرے گھر میں خُوراک ہو اَور اِسی سے مُجھے آزمالو۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے) اگر مَیں تُم پر آسمان کے درِیچے نہ کھولُوں اَور تُم پر برکت نہ برساؤں۔ یہاں تک کہ تُمہارے پاس گُنجائش نہ رہے۔ 11 ۔ اَور مَیں تُمہاری خاطِر نِگلنے والے کو دھمکی دُوں گا اَور وہ تُمہاری زمین کے حاصِل برباد نہ کرے گا۔اَور میدان میں تاک کا پَھل کچّا نہ جَھڑ جائے گا۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ 12 ۔اَور سب قومیں تُمہیں مُبارَک کہیں گی کیونکہ تُم دِل پسند سَر زمین ہو گے۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ 13 ۔ اجر وسزاتُمہاری باتیں میرے خلاف بُہت سخت ہَیں (ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ لیکن تُم کہتے ہو کہ ہم نے تیری مُخالفت میں کیا بات کہی ہَے؟ 14 ۔ تُم نے یہ کہا ہَے کہ خُدا کی عِبادَت کرنا بے فائدہ ہَے اَور اُس کے اِحکام پر عمل کرنے اَور ربُّ الافواج کے حضُور ماتم کرنے کا کیا فائدہ ہَے؟ 15 ۔ اَب تو ہم مغرُوروں کو خُوشحال کہتے ہَیں۔بَد کردار اِفزائش پاتے ہَیں۔ اَور ہم خُدا کو آزما کر بھی بچَے رہتے ہَیں۔ 16 ۔تب خُداوند سے ڈرنے والے آپس میں بات کرتے ہَیں۔خُداوند توجُّہ کرتا اَور سُنتا ہَے اَورجو خُداوند سے ڈرتے اَور اُس کے نام کو یاد کرتے ہَیں اُن کے لئے اُس کے حضُور ذِکر کرنے کی کِتاب لِکھی ہُوئی موجُود ہَے۔ 17 ۔اُس روز جِسے مَیں مخصُوص کرُوں گا (ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)وہ میری خاص مِلکیّت ہوں گے اَور مَیں اُن پر ایسا شفِیق ہُوں گا جیسا باپ اپنے خدمت گُزار بیٹے پر شفیِق ہوتا ہے۔ 18 ۔ تب تُم پِھر صادِق اَور شریر میں اَور خُدا کی عِبادَت کرنے والے اور نہ کرنے والے میں اِمتیاز کروگے۔