باب

1 ۔خداوند کا قہر و غضب مَیں نے خُداوند کو مذَبح کے پاس کھڑے دیکھا اَور اُس نے کہا۔ کہ ستُونوں کے سروں پر مار تاکہ دہلیزیں ہِل جائیں اَور اُن سب کو رِیزہ رِیزہ کر کے اُن کے سروں پر پڑنے دے۔ مَیں اُن کے بَقیّہ کو تلوار سے قتل کرُوں گا۔ اُن میں سے ایک بھی بھاگ نہ سکے گا۔ اُن میں سے ایک بھی بچ نہ نِکلے گا۔ 2 ۔ اگر وہ پاتال میں جا اُتریں تو بھی میرا ہاتھ وہاں سے اُنہیں کھینچ نِکالے گا۔ اَور اگر آسمان پر چڑھ جائیں تو بھی مَیں وہاں سے اُنہیں اُتار لاؤں گا۔ 3 ۔اگر وہ کرمِؔل کی چوٹی پر چھُپ جائیں تو بھی وہاں سے اُنہیں ڈُھونڈ نِکالُوں گا۔ اگر وہ سمُندر کی تہہ میں میری نظر سے غائب ہو جائیں تو بھی میں وہاں اژدہا کو حُکم دُوں گا اَور وہ اُنہیں کاٹے گا۔ 4 ۔اگر وہ اپنے دُشمنوں کے آگے آگے چل کر اسیر ی میں جائیں تو بھی مَیں وہاں تلوار کو حُکم دُوں گا اَور وہ اُنہیں قتل کرے گی اَور مَیں اُن کی بھلائی کے لئے نہیں بلکہ بُرائی کے لئے اُن پر نِگاہ رکھُّوں گا۔ 5 ۔ خُداوند لشکروں کا خُداوند ہَے۔ وہ زمین کو چھُوتا ہَے تو وہ گُداز ہو جاتی ہَے۔ اَور اُس کے تمام باشنِدے نَوحہ کریں گے۔ ہاں وہ بالکُل دریائے نیؔل کی طرح اُٹھتی ہَے۔ اَور مصر کی ندی کی مانند سُکڑ جاتی ہَے۔ 6 ۔وہی آسمان میں اپنے بالاخانے بناتا ہَے۔ اُسی نے زمین پر اپنے گُنبد کی بُنیاد رکھّی ہَے۔ وہی سمُندر کے پانی کو بُلاتا اَور رُوئے زمین پر اُنڈیلتا ہَے۔ اُسی کا نام خُداوند ہَے۔ 7 ۔اَے بنی اِسرؔائیل کیا تُم میرے لئے اہل کوُش کی اولاد کی مانند نہیں ہو؟(خُداوند کا فرما ن ہَے) کیا مَیں اِسرؔائیل کو مُلک ِ مِصؔر سے اَور فِلستِیوں کو کَفتؔور سے اَور اراؔم کوقیؔر سے نہیں نِکال لایا ہُوں؟ 8 ۔دیکھ مالِک خُداوند کی آنکھیں اِس گنہگار مَملُکت پر ہَیں۔ مَیں اِسے رُوئے زمین پر سے نابُود کردُوں گا لیکن یَعقوؔب کے گھرانے کو باِلکُل تباہ نہ کرُوں گا(خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 9 ۔کیونکہ دیکھ مَیں حُکم کرُوں گا اَور اِسرؔائیل کے گھرانے کو سب قوموں میں ایسے چھانُو ں گا جیسے چھلنی سے چھانتے ہَیں اَور ایک دانہ بھی زمین پر گِرنے نہ پائے گا۔ 10 ۔لیکن میری اُمّت کے سب گنہگار جو کہتے ہَیں کہ آفت ہمارے نزدِیک نہ آئے گی اَور نہ ہم تک پُہنچے گی وہ سب کے سب تلوار سے مارے جائیں گے۔ 11 ۔ اسرائیل کی بحالی اُس روز مَیں داؔؤد کے گِرے ہُوئے مَسکن کو دوبارہ کھڑا کرُوں گا اَور اُس کے رخنوں کو بند کردُوں گا اَور اُس کے گِرے ہوئے مکانوں کو دوبارہ تعمیر کروُں گا۔ اَور پہلے کی طرح اُسے تعمیر کرونگا۔ 12 ۔تاکہ وہ اِدوؔم کے باقی بچے ہوؤں کو اَور اُن سب قوموں کو جو میرے نام سے کہلاتی ہَیں میراث میں لیں خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے وہی کر دِکھائے گا۔ 13 ۔دیکھ ۔ وہ دِن آتے ہَیں۔ (خُداوند فرماتا ہَے) کہ میں جب جوتنے والےکو کاٹنے والا اَور انگور کُچلنے والے کوبونے والا جالے گا اَور پہاڑوں سے تازہ مَے ٹپکے گی اَور سب ٹِیلے گداز ہوجائیں گے۔ 14 ۔اَور مَیں اپنی اُمّت اِسرؔائیل کو واپس لاؤں گا۔ تو وہ ویران شہروں کو تعمیر کریں گے اَور اُن میں بسیں گے اَور تاکِستان لگائیں گے اَور اُن کی مَے پِئیں گے اَور باغ لگائیں گے اَور اُن کے پھَل کھائیں گے۔ 15 ۔مَیں اُنہیں اُ ن کی سَر زمین میں قائم کروں گا۔ اَور وہ اُس سرزمین سے جو مَیں نے اُنہیں عطا کی ہَے پھر ہر گز نکالیں نہ جائیں گے خُداوند تیرا خُدا فرماتا ہَے۔