باب

1 خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ موآبؔ کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑونگا۔ اُس نے ادؔوم کے بادشاہ کی ہَڈّیوں کو جَلا کر چُونا بنا دِیا ہَے۔ 2 ۔پس مَیں موآبؔ میں آگ بھیجُوں گا اَور وہ قِریوؔت کے قَصروں کو بھسم کر دے گی اَور موآبؔ شور وغوغا کے درمیان للکار اَور نرسِنگے کی آواز کے ساتھ مَرجائے گا۔ 3 ۔مَیں قاضِی کو اُس کے درمیان سے کاٹ ڈالُوں گا اَور اُس کے تمام سرداروں کو اُس کے ساتھ قتل کر دُوں گا۔ (خُداوند فرماتا ہَے)۔ 4 ۔خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ یہُوؔداہ کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑونگا۔ اُنہوں نے خُداوند کی شریعت کو رَدّ کر دِیا۔ اَور اُس کے احکام کی پیروی نہیں کی۔ اَور اُن کے اُن جُھوٹے معبودوں نے جِن کی اُن کے باپ دادا نےپیروی کی تھی اُنہیں گُمراہ کر دِیا ہَے۔ 5 ۔پس مَیں یہُودؔاہ میں آگ بھیجُوں گا اَور وہ یرُوشلیِؔم کے قَصروں کو بھسم کر دے گی۔ 6 ۔خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ اِسرؔائیل کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑونگا۔ اُنہوں نے صادِق کو چاندی لے کر اَور مسِکین کو ایک جوڑا چپل لے کر بیچ ڈالا ہَے۔ 7 ۔وہ زمین کی گَرد میں مُحتاجوں کے سر کُچلتے ہَیں اَور مِسکین کی راہ بگاڑتے ہَیں۔ اَور اُن میں باپ اَور بیٹے دونوں لونڈی کے پاس جانے سے میرے قُدُّوس نام کو داغ لگاتے ہَیں۔ 8 ۔ اَور وہ ہر مذَبح کے پاس رہن لئے ہُوئے کپڑوں پر لیٹتے ہَیں اَور اپنے مَعبود کے گھر میں تاوان سے خِریدی ہُوئی مَے پیتے ہَیں۔ 9 ۔اَور مَیں نے اُن کے سامنے اَموریوں کو نیست کر دِیا جو دِیودار کی مانند بُلند اَور بلُوط کی مانند مضبُوط تھے۔ ہاں مَیں نے اُوپرسے ان کے پھَلوں کو اَور نیچے سے اُن کی جڑوں کو برباد کر دِیا۔ 10 ۔ مَیں تُمہیں مُلکِ مِصؔر سے باہر نِکال لایا اَور چالیس سال تک بیابان میں تُمہارا ہادی رہا تاکہ تُم اَموریوں کی سَرزمین کو میراث میں پاؤ۔ 11 ۔مَیں نے تُمہارے بیٹوں میں سے نبی اَور تُمہارے نَوجوانوں میں سے نذیر برپا کِئے( کیا یہ بات ایسی ہی نہیں۔ اَے بنی اِسرؔائیل خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 12 ۔لیکن تُم نے نذیروں کو مَے پلائی اَور انبیاء کو نبُوّت کرنے سے منع کِیا۔ 13 ۔ دیکھ۔ مَیں تُمہیں ایسا دباؤں گا جیسے پُولوں سے لدی ہُوئی گاڑی دَباتی ہَے۔ 14 ۔پس تیز رو سے جائے پناہ جاتی رہے گی اَور طاقتور اپنی قُوّت نہ چلائے گا۔ اَور بَہادُر اپنی جان نہ بچائے گا۔ 15 ۔اَور تیِر انداز کھڑا نہ رہے گا۔ اَور تیز گام بچ نہ نِکلے گا اَور سَوار اپنی جان نہ بچائے گا۔ 16 ۔اَور اُس روز بَہادُروں میں سے جو دِلاوَر ہَے ننگا نکل بھاگے گا۔ (خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔