باب

1 ۔ عاموُسؔ کے جو تقوؔع کے گلّہ بانوں میں سے تھا۔ وہ کلمات جو اُس نے شاہ ِ یہوُداہ عُز ؔ یاہ اَور شاہِ اِسرؔائیل یربعاؔم بِن یُوآسؔ کے ایّام میں اِسرؔائیل کی بابت زلزلے سے دو برس پہلے مکاشفہ کا نزول ہوا۔ 2 ۔اُس نے کہا کہ خُداوند صیُوؔن سے گرجتا ہَے اَور یرُوشلِیؔم سے آواز بُلند کرتا ہَے۔ چرواہوں کی چراگاہیں ماتم کرتی ہَیں اَور کرمِؔل کی چوٹی کُملا جاتی ہے۔ 3 ۔ اقوام کی دھمکی خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ دَمِشقؔ کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑونگا۔ اُنہوں نے جِلعؔاد کو کَھلیان میں گاہنے کے آہنی اَوزار سے روند ڈالا ہے۔ 4 ۔پس مَیں حِزائیل کے گھر میں آگ بھیجُوں گا اَور وہ بِن ہَدَد کے قَصروں کو بھسم کر دے گی۔ 5 ۔اَور مَیں دَمِشقؔ کے پھاٹک کو توڑ دُوں گا اَور بِقعَت آوؔن کے تخت نِشین کو اَور بیت عدؔن کے فرمانروا کو کاٹ ڈالُوں گا اَور اَراؔم کے لوگ جَلاوطن ہو کر قؔیِر کو جائیں گے۔ (خُداوند فرماتا ہَے)۔ 6 ۔خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ غؔزہ کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑونگا کیونکہ اُنہوں نے اسیروں کے گروہ کے گروہ لے جا کر اِدؔوم کے حوالے کر دِیئے۔ 7 ۔پس مَیں غؔزہ کی شہر پناہ کے بیچ میں آگ بھیجُوں گا اَور وہ اُس کے قَصروں کو بھسم کرے گی۔ 8 ۔اَور مَیں اشدؔود کےاَور اسقلؔون کے فرمانروا کو کاٹ ڈالُوں گا اَور عِقروؔن پر ہاتھ چلاؤں گا اَور جو کُچھ فلِسِطینِیوں سے بچا ہو گا وہ بھی ہلا ک ہو جائے گا۔ (خُداوند فرماتا ہَے)۔ 9 ۔خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ صُوؔر کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑونگا۔ اُنہوں نے اسیروں کے گروہ کے گروہ اِدؔوم کے حوالے کر دِیئے۔ اَور بردرانہ عہد کو یاد نہ کِیا۔ 10 ۔پس مَیں صُوؔر کی شہر پناہ کے بیچ میں آگ بھیجُوں گا اور وہ اُس کے قَصروں کو بھسم کر دے گی۔ 11 ۔خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ اِدوؔم کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑونگا۔ اُس نے تلوار لے کر اپنے بھائی کا تَعاقُب کِیا اَور اپنی رحمدِلی کو بِگاڑا۔ اُس کا غضب ہر وقت پھاڑتا رہا اَور اُس کا غُصّہ موقُوف نہ ہُوا۔ 12 ۔پس مَیں تیمؔان کی شہر پناہ کے بیچ میں آگ بھیجُوں گا اَور وہ بُصؔرہ کے قَصروں کو بھسم کر دے گی۔ 13 ۔خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ بنی عمّوؔن کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُسے بے سزا نہ چھوڑونگا۔ اُنہوں نے جِلعؔاد کی باردار عورتوں کو چاک کر دِیا تاکہ اپنی حُدُود کو بڑھائیں۔ 14 ۔پس مَیں رؔبّہ کی شہر پناہ کے بیچ میں آگ بھڑکاؤں گا جو لڑائی کے دِن للکار اَور گَرد باد کے دِن طُوفان کے ساتھ اُس کے قَصروں کوبھسم کر دے گی۔ 15 ۔اَور اُن کا بادشاہ اپنے سرداروں سمیت اسیر ہو کر جائے گا۔ (خُداوند فرماتا ہَے)۔