باب

1 ۔ صندوقِ شہادت کے لائے جانے کی کوشش اَور داؔؤد نے ہزاروں اَور سینکڑوں پر کے سرداروں سے اَور ہر ایک سردار سے مشورت کی۔ 2 ۔ اَور داؔؤد نے اِسرؔائیل کی ساری جماعت سے کہا۔ اگر تُمہیں پسند ہو اَور خُداوند ہمارے خُدا کی طرف سے ہو۔ تو آؤ ہم اِسرؔائیل کی سار ی سَرزمین میں اپنے باقی بھائیوں کے پاس اَور کاہِنوں اَور لاویوں کےپاس اُن کے گِرد ونواح کے شہروں میں کہلا بھیجیں۔ کہ وہ ہمارے پاس جمع ہوں۔ 3 ۔اَور ہم خُداوند کے صندُوق کو اپنےپاس واپس لائیں۔ کیونکہ ساؔؤل کے ایّام میں ہم نے اُس کی پروا نہ کی۔ 4 ۔تو تمام جماعت نے جَواب دِیا۔ کہ ایسا ہی کریں گے۔ کیونکہ یہ اَمر سب لوگوں کی نِگاہ میں اچھّا معلُوم ہُؤا۔ 5 ۔تب دؔاؤد نے تمام اِسرؔائیل کو مِصؔر کے سِیحؔورسے لے کر حماؔت کے مدَخِل تک جمع کِیا تاکہ خُداوند کے صندُوق کو قِریَت یَعَرؔیم سے لائیں۔ 6 ۔اَور داؔؤد اَور تمام اِسرؔائیل بؔعَلہ کو یہُودؔاہ کے قِریَت یَعَرؔیم کو اُوپر گئے۔ تاکہ خُدا کے صندُوق کو وہاں سے لے آئیں جو کرُّوبیوں پر بیٹھنے والا خُداوند ہَے اَور اِس نام سے پُکارا جاتا ہَے۔ 7 ۔اَور وہ اَبیندابؔ کے گھر سے خُدا کا صندُوق ایک نئی گاڑی میں رکھّ کر لے گئے۔ اَور عُزّؔا اور اَؔخیو گاڑی کو ہانکتے تھے۔ 8 ۔اَور داؔؤد اَور سارا اِسرؔائیل خُداوند کے سامنے گیتوں اَور بربطوں اَور بانسریوں اَور خنجریوں اَور جانجھوں اَور نرسِنگوں کے ساتھ اپنے سارے زور سے کھیلتے جاتے تھے۔ 9 ۔جب وہ کِیدوؔن کے کَھلیان پر پُہنچے۔ تو عُزّؔا نے اپنا ہاتھ بڑھایا۔ تاکہ صندُوق کو تھامے۔ اِس لئے کہ بَیلوں نے ٹھوکر کھائی تھی۔ 10 ۔تو خُداوند کا غضب عُؔزّا پر بھڑکا اَور اُسے مارا۔ کیونکہ اُس نے اپنا ہاتھ صندُوق کی طرف بڑھایا۔ تو وہ وہاں خُداوند کے سامنے مَر گیا۔ 11 ۔اَور داؔؤد غمگین ہُؤا۔ کیونکہ خُداوند عُؔزّا پر ٹوٹ پڑا۔ اِس لئے وہ جگہ پرض عُؔزّا کہلائی جو آج کے دِن تک ہَے۔ 12 ۔اَور اُس روز داؔؤد نے خُدا سے خوف کھایا اَور کہا۔ کہ مَیں خُدا کے صندُوق کو اپنے پاس کیوں کر لاؤں۔ 13 ۔اَور داؔؤد صندُوق کو اپنے پاس یعنی داؔؤد کے شہر میں نہ لایا۔ مگر اُسے ایک طرف عوؔبید اِدوؔم جَاتی کے گھر میں لے گیا۔ 14 ۔تو خُدا کا صندُوق عوؔبید اِدوم کے گھر میں تین مہینے رہا۔ اَورخُداوند نے عوؔبید اِدوم کے گھر اَور سب کُچھ کو برکت دی، جو اُس کا تھا۔