1 ۱۔ خُداوند نے خیمہٗ اِجتماع سے مُوسیٰؔ کو بُلایا اَور اُس سے کہا 2 ۲۔کہ اِسرائیلیوں سے مُخاطب ہو اور اُن سے کہہ کہ جب تُم میں سے کوئی خُداوند کے لئے کوئی ہدیہ لائے تو وہ اپنے گلّہ یا ریوڑ میں سے گائے بَیل یا بھیڑ بکری کی قُربانی دے۔ 3 ۳۔ اگر وہ ہدیہ گلّے کا جانور ہو تو وہ بے عیب نر ہو اور لازم ہے کہ ہدیہ لانے والا اُسے خیمہٗ اِجتماع کے مدخل پر سوختنی قُربانی کے طور پر چڑھائے تاکہ وہ خُداوند کے حُضور مقبُول ٹھہرے۔ 4 ۴۔ اور وہ سوختنی قُربانی کے جانور کے سر پر اپنا ہاتھ رکھے اور وہ اُس کی جانب سے اُس کے لِئے بطور کفّارہ قبُول ہوگا۔ 5 ۵۔ اور وہ اُس بچھڑے کو خُداوند کے حُضور ذبح کرے اور پِھر ہارُونؔ کے بیٹے جو کاہن ہیں، اُس کا خُون لائیں اور اُسے خیمہٗ اِجتماع کے مدخل پر مذبح کے چاروں طرف چِھڑک دیں۔ 6 ۶۔ پِھر وہ سوختنی قُربانی کے اُس جانور کی کھال اُتارے اور اُسے ٹُکڑوں میں کاٹے۔ 7 ۷۔ اور ہارُونؔ کے بیٹے جو کاہن ہیں مذبح پَر آگ رکھیں اور اُس آگ پر ترتیب سے لکڑیاں چُن دیں۔ 8 ۸۔ پِھر ہارُونؔ کے کاہن بیٹے اُن ٹکڑوں کو سر اور چربی سمیت جلتی لکڑیوں پر جو مذبح پر ہیں ترتیِب سے رکھ دیں۔ 9 ۹۔لیکن اُس کی اَنتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھویا جائے اور پِھر کاہن اُن تمام کو مذبح پر جلائے تاکہ یہ سوختنی قُربانی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو والی آتشیِن قُربانی ہو۔ 10 ۱۰۔اور اگر اُس کا ہدیہ ریوڑ کی بھیڑ یا بکری کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ بے عیب نَر کی قُربانی دے۔ 11 ۱۱۔ وہ اُسے خُداوند کے حُضور میں مذبح کی شمالی سِمت ذبح کرے اور ہارُونؔ کے کاہن بیٹے اُس کا خُون مذبح کے چاروں طرف چِھڑک دیں۔ 12 ۱۲۔پِھر وہ اُسے کاٹ کر اُس کے ٹُکڑے کرے اور کاہن اُن ٹُکڑوں کو سَر اور چربی سمیت مذبح پر جلتی لکڑیوں پر ترتیب سے رکھ دے۔ 13 ۱۳۔لیکن وہ اَنتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھو لے۔ تب کاہن سب کو لے کر مذبح پر جلا دے اور یہ سوختنی قُربانی خُداوند کے لِئے راحت اَنگیز خُوشبُو والی قُربانی ہے۔ 14 ۱۴۔ اگر خُداوند کے لِئے اُس کی نذر پرندوں کی سوختنی قُربانی ہے تو وہ قُمری یا کبُوتر کا بچّہ نذر چڑھائے۔ 15 ۱۵۔ اور کاہن اُسے مذبح پر لاکر اُس کا سر مروڑ ڈالے اور اُسے مذبح پر جلا دے لیکن اُس کے خُون کو مذبح کے پہلو میں ٹپک جانے دے۔ 16 ۱۶۔ اور اُس کا پوٹا آلایش سمیت نکال لے اور اُسے لے جاکر مذبح کی مشرقی جانب راکھ کی جگہ میں پھینک دے۔ 17 ۱۷۔ وہ اُس کے دونوں بازووٗں کو پکڑ کر اُسے چیرے لیکن الگ الگ نہ کرے اور پِھر کاہن اُسے اُن لکڑیوں پر رکھ دے جو مذبح کے اُوپر آگ پر ہوں گی اور اُسے جلا دے۔ یہ سوختنی قُربانی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو والی آتشین قُربانی ہو۔