1 ۱۔۔اَور یریحو بنی اِسرائیل ؔکے سبب سے مضبُوطی سے بند کیِاگیا تھا۔ اَور کوئی اُس سے باہر نہ آتا تھا نہ کوئی اندر جاتا تھا۔ 2 ۲۔۔ تب خُداوند نے یشُوع سے کہا۔ دیکھ! میَں نے یریحو اَور اُس کے بادشاہ اَور وہاں کے طاقتور جنگی مرَدوں کو تیرے ہاتھ میں دے دِیا ہے۔ 3 ۳۔۔تُم سب جنگی مرَدوں کے ساتھ ایک دفعہ شہر کے گِرد گُھومو۔ اَور ایسا چھ دِنوں تک کرو۔ 4 ۴۔۔اَور سات کاہِن صندُوق کے آگے مینڈھے کے سینگ کے سات نرسِنگے اُٹھا کر چلیں۔ اَور ساتویں دِن تُم شہر کے گِرد سات دفعہ گھُومو اَور کاہِن نرسنگےپُھونکیں۔ 5 ۵۔۔اَور یوں ہوگا۔ جب نرسِنگے کی آواز دیر تک ہوگی اَور تُم نرسنگے کی آواز سُنو۔ تو ساری جماعت بڑے زور سے للکارے تب شہر کی فصِیل اپنی ہی جگہ میں گِر پڑے گی۔اَور ہر ایک اپنے سامنے چڑھ جائے گا۔ 6 ۶۔۔ تب یشُوع بِن نُون نے کاہِنوں کو بُلایا اَور اُن سے کہا ۔کہ عہد کا صندُوق اُٹھاؤ۔ اَور سات کاہِن خُداوند کے صندُوق کے سامنے مینڈھے کے سِینگ کے سات نرسنگے اُٹھائیں۔ 7 ۷۔۔اَور اُس نے لوگوں سے کہا۔ چلو شہر کے گِرد گُھومو۔ اَور سب مسُلح مرَد خُداوند کے صندُوق کے آگے چلیں۔ 8 ۸۔۔اَور ایسا ہُؤا کہ جب یشُوع لوگوں سے یہ باتیں کہ چُکا۔ تو سات کاہِن مینڈھے کے سِینگ کے سات نرسِنگے اُٹھا کر خُداوند کے آگے چلے۔ اَور باوقفہ نرسنگے پُھونکتے رہے اَور خُداوند کے عہد کا صندُوق اُن کے پیچھے پیچھے روانہ ہُؤا۔ 9 ۹۔۔اَور مسلح مرَد نرسنگے بجانے والے کاہِنوں کے آگے چلے۔ اَور دُنبالہ صندُوق کے پیچھے پیچھے چلا۔ وہ چلتے تھے اَور باوقفہ نرسنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ 10 ۱۰۔۔اَور یشُوع نے لوگوں کو حُکم دِیا۔ کہ تُم مت للکارو۔ اَور تُمہاری آواز سُنائی نہ دے۔ اَور نہ تُمہارے مُنہ سے کوئی بات نکلے۔ مگر جِس روزمیَں تمہیں للکارنے کا حُکم دُوں، تب تُم للکارو۔ 11 ۱۱۔۔تب خُداوند کا صندُوق شہر کے گرد ایک دفعہ گُھوما۔ اَور وہ لشکر گاہ میں واپس آئے اَور خَیموں میں آرام کیِا۔ 12 ۱۲۔۔پِھر یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور کاہِنوں نے عہد کا صندوق اُٹھایا۔ 13 ۱۳۔۔اَور سات کاہِن مینڈھے کے سِینگ کے سات نرسِنگے اُٹھائے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلتے تھے اورباوقفہ نرسنگے پُھونکتے رہے اور مسلح مرد اُن کے آگے تھے اور دُنبالہ خُداوند کے صندُوق کے پیچھے پیچھے چلتا تھا۔ وہ چلتے تھے اور باوقفہ نرسنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ 14 ۱۴۔۔دُوسرے دِن شہر کے گِرد وہ پِھر ایک دفعہ گُھومے پِھر لشکرگاہ میں واپس آئے۔ اور چھ دِنوں تک اُنہوں نے ایسا ہی کیِا۔ 15 ۱۵۔۔اَور جب ساتواں دِن ہُؤا ۔ وہ صُبح پو َپَھٹے اُٹھے اَور اُسی طرح سے شہر کے گِرد سات دفعہ گُھومے۔ صرف اُسی روز وہ شہر کے گرد سات دفعہ گھومے۔ 16 ۱۶۔۔جب ساتویں دفعہ ہُوئی۔ کاہِنوں نے لمبی آواز سے نرسنگے پُھونکے، تب یشُوع نے لوگوں سے کہا۔ للکارو۔ کیونکہ خُداوند نے شہر تُمہارے حوالے کر دِیا ہے۔ 17 ۱۷۔۔اَور شہر اورسب جو کُچھ اُس میں ہے خُداوند کے لئے فنا کیِاجائے۔ لیکن راحب فاحشہ زندہ رہے گی۔ وہ اور وہ سب جو اُس کے گھر میں اُس کے ساتھ ہوں۔ کیونکہ اُس نے ہمارے قاصدوں کو جِنہیں ہم نے بھیجا تھا، چُھپایا۔ 18 ۱۸۔۔لیکن تُم اپنے آپ کو اشیائے مخصُوصہ سے محفوظ رکھّو ایسا نہ ہو کہ تُم کسی مخصُوص شے کو لے لو۔ اور بنی اِسرائیل کے لشکرگاہ کو مَلعُون کرو اور اُسے دُکھ دو۔ 19 ۱۹۔۔ اور سب چاندی اور سونا اور پِیتل اور لوہے کے برتن خُداوند کے لئے مخصُوص ہیں وہ خُداوند کے خزانے میں جمع کئےجائیں گے۔ 20 ۲۰۔۔ تب لوگ للکارے اور کاہِنوں نے لمبی آواز سے نرسنگے پُھونکے۔ اور ایسا ہُؤا کہ جب لوگوں نرسِنگوں کی آواز سُنی۔ تو لوگ بڑے زور سے للکارے، تب فصِیل اپنی جگہ میں گِر گئی۔ اَور لوگوں میں سے ہر ایک آدمی اپنے سامنے سِیدھا شہر میں چڑھ گیا۔ اور اُنہوں نے شہر کو لے لیِا۔ 21 ۲۱۔۔اور سب کو جو شہر میں تھے۔ مرَدوزَن۔ بچّے اور بُوڑھےاَور بَیل اوربھیڑیں اور گدھے سب کو تلوار کی دھار سے قتل کیِا۔ 22 ۲۲۔۔اور یشُوع نے اُن دو آدمیوں سے جو ملک کی جاسُوسی کرنے گئے تھے۔کہا۔کہ فاحشہ عورت کے گھر میں داخِل ہو اور اُس عورت کو اور سب کچھ جو اُس کا ہےوہاں سے نَکالو۔ جیسا کہ تم نے اُس سے قَسم کھائی۔ 23 ۲۳۔۔ تب وہ دونوں جوان جاسُوس اندر گئے، اور راحب اور اُس کے باپ اور اُس کی ماں اَور اُس کے بھائیوں اور سب رشتہ داروں کو باہِر نِکالا۔ اَور اُنہیں اِسرائیل کے خَیمہ گاہ سے باہِر جگہ دی۔ 24 ۲۴۔۔اَور شہر کو مع سب کُچھ کہ جو اُس کے اندر تھا آگ سے جَلایا۔ لیکن سونا اور چاندی اور پِیتل اور لوہے کے برتن خُداوند کے گھر کے خزانے میں جمع کئے۔ 25 ۲۵۔۔ اَور یشُوع نے راحب فاحشہ اور اُس کے باپ کے گھرانے اور اُس کے تمام رِشتہ داروں کی جان بخشی کی۔ اور وہ بنی اِسرائیلؔ کے درمیان آج کے دِن تک رہی کیونکہ اُس نے اُن قاصدوں کو جِنہیں یشُوع نے یریحو کی جاسُوسی کرنے کو بھیجا، چُھپایا تھا۔ اُور اُس وقت یشُوع نے بَد دُعا دے کر کہا۔ 26 ۲۶۔۔وہ آدمی خُدا کے سامنے مَلعُون ہو۔ جو اِس شہر کو تعمیر کرنے کو اُٹھے۔ وہ اپنے پہلوٹھے پر اُس کی بُنیاد رکھّے گا۔ اَور اپنے سب سے چھوٹے بیٹے پر اُس کے پھاٹک قائم کرے گا۔ 27 ۲۷۔۔ اورخُداوند یشُوع کے ساتھ تھا۔ اور سارے ملک میں اُس کی شہرت پھیل گئی۔