1 ۱۔۔اَورداؔؤد بادشاہ نے تمام جماعت سے کہا۔ خُدا نے فقط میرے بیٹے سُلیماؔن کو چُنا ہَے۔ جو چھوٹا اَور ناتجربہ کار ہَے۔ اَور کا م بڑا ہَے۔ کیونکہ ہَیکل اِنسان کے لئے نہیں بلکہ خُداوند خُدا کے لئے ہَے۔ 2 ۲۔۔اَور مَیں نے اپنی تمام طاقت سے اپنے خُدا کے گھر کے لئے سب کُچھ تیاّر کِیا ہَے۔ جو کُچھ سونے کا ہوگا اُس کے لئے سونا اَور جو کُچھ چاندی کا ہو گا اُس کے لئے چاندی اَور جو کُچھ پیِتل کا ہو گا۔ اُس کے لئے پیِتل اَور جو کُچھ لوہے کا ہو گا اُس کے لئے لوہا اَور جو کُچھ لکڑی کا ہو گا اُس کے لئے لکڑی۔ سنگ جَزع سمیت اُس کے جڑاؤں کے اَور شب چراغ اَور رنگ یہ رنگ کے نِگینے اَور ہر قِسم کے قیمتی پتّھر اَور سفید سنگِ مَر مَر کثرت سے تیاّر کیا ہے۔ 3 ۳۔۔اَور پھِر چُونکہ میرے خُدا کے گھر کے لئے میری خواہش تھی مَیں نے اپنے خاص مال میں سے سونا اَور چاندی اپنے خُدا کے گھر کے لئے دِیا۔ اِس کے علاوہ سب کے جو مَیں نے مُقدّس ہیکل(گھر) کے لئے تیاّر کِیا۔ 4 ۴۔۔اوفؔیر کے سونے میں سے تین ہزار قنطار( ایک لاکھ چودہ ہزار نوے کلو) سونا اَور مُصفّا چاندی سات ہزار قِنطار ہَیکل کی دیواروں کے مَڑھنے کے لئے۔ 5 ۵۔۔سونا اُس کے لئے جو سونے کا ہو گا اَور چاندی اُس کے لئے جو چاندی کا ہو گا ہر ایک کام کے لئے جو ماہر لوگ کریں۔ سو جو کوئی خُوشی سے دیتا ہَے۔ اپنا ہاتھ بھر کر آج خُداوند کے لئے لائے۔ 6 ۶۔۔تب آبائی سرداروں اَور اِسرؔائیل کے قبیلوں کے سرداروں اَور ہزاروں اَور سینکڑوں کے سرداروں اَور بادشاہ کی مِلکّیت کے ناظموں نے خُوشی سے دِیا۔ 7 ۷۔۔اَور خُدا کے گھر کے کام کے لئے پانچ ہزار قنطار سونا اَور دس ہزار درِہم اَور دس ہزار قنطار چاندی اَور اَٹھارہ ہزر قنطار پِیتل اَور ایک لاکھ قنطِار لوہا دِیا۔ 8 ۸۔۔اَور جِن کے پاس قیمتی پتّھر پائے گئے اُنہوں نے خُداوند کے گھر کے خزانے کے لئے یحیؔ ایل جیر شؔونی کے ہاتھ میں دیئے۔ 9 ۹۔۔تب لوگ اپنی مرضی سے دینے کے لئے خُوش ہُوئے۔ کیونکہ اُنہوں نے پُورے دِل سے خُداوند کے لئے خُوشی سے دِیا۔ اَور داؔؤد بادشاہ بھی نہایت خُوش ہُؤا۔ 10 ۱۰۔۔اَور داؔؤد نے سب جماعت کے سامنے خُداوند کومُبارَک کہا۔ اَور داؔؤد بولا۔ اَے خُداوند۔ ہمارے باپ اِسرؔائیل کے خُدا۔ تُو ازل سےلے کر اَبد تک مُبارَک ہَے۔ 11 ۱۱۔۔اَے خُداوند عظمت اَور قُدرت ۔ جلال اَور غلبہ اَور حشمت تیری ہی ہَے۔ کیونکہ جو کُچھ آسمان میں اَور زمین پر ہَے وہ تیرا ہی ہَے۔ اَے خُداوند !سَلطنَت تیری ہی ہَے۔ تُو ہی سب سے عظیم سردار ہَے۔ 12 ۱۲۔۔دولت اَور عِزّت تیری طرف سے آتی ہَیں۔ اَور تُو سب پر سَلطنَت کرتا ہَے۔ تیرے ہاتھ میں قُوّت اَور قُدرت ہَے۔ ہر چیز کی عظمت اَور طاقت تیرے ہاتھ میں ہَے۔ 13 ۱۳۔۔اَور اَب اَے ہمارے خُدا ہم تیرا شُکر اَور تیرے جلالی نام کی حمد کرتے ہَیں۔ 14 ۱۴۔۔لیکن مَیں کیا ہُوں اَور میرے لوگ کیا ہَیں؟۔ کہ ہم یہ چیزیں خُوشی سے دے سکیں۔ کیونکہ سب چیزیں تیری طرف سے آتی ہَیں۔ اَور تیرے ہی ہاتھ نے ہمیں عطا کیں۔ 15 ۱۵۔۔کیونکہ ہم سب اپنے باپ دادا کی مانند تیرے سامنے پردیسی اُور مُسافِر ہَیں۔ اَور ہمارے ایّام زمین پر سائے کی مانند ہَیں۔ اَور اُنہیں قیام نہیں۔ 16 ۱۶۔۔اَے خُداوند ہمارے خُدا!یہ سامان جو ہم نے تیاّر کِیا ہے۔ تاکہ تیرے قُدُّوس نام کے لئے تیرے واسطے گھر بنائیں۔ وہ تیرے ہی ہاتھ کا دیا ہُوا ہے۔ اَور سب کُچھ تیرا ہی ہَے۔ 17 ۱۷۔۔اَور اَے میرے خُدا مَیں جانتا ہپوں کہ تُو دِل کو آزماتا ہَے۔ اَور راستی سے خُوش ہوتا ہَے۔ اَور مَیں نے اپنے دِل کی راستی سے یہ سب کُچھ خوشی سے دِیا ہے۔ اَور مَیں نے اِس وقت خُوشی سے دیکھا ہَے کہ تیرے لوگ جو یہاں حاضر ہَیں تیرے لئے خُوشی سے دیتے ہَیں۔ 18 ۱۸۔۔اَے خُداوند ہمارے باپ دادا اِبراہیؔم اَور اِسحاقؔ اَور اِسرؔائیل کے خُدا اپنے لوگوں کے دِلوں کے خیالوں کے تصورات میں اُسے اُبد تک قائم رکھّ۔ اَور اُن کے دِلوں کو اپنی طرف مائل کر۔ 19 ۱۹۔۔اَورمیرے بیٹے سُلیمؔان کو کامِل دِل دے۔ تاکہ تیرے احکام اَور شہادتیں اَور قَوانین مانے۔ اَور اُن سب پر عمل کرے۔ اَور ہَیکل کو تعمیر کرے جس کے لئے مَیں نے تیاّری کی ہَے۔ 20 ۲۰۔۔اَور دؔاؤد نے سب جماعت سے کہا۔ کہ خُداوند اپنے خُدا کو مُبارَک کہو۔ تو تمام جماعت نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کو مُبارَک کہا۔ اَور زمین پر گِرے۔ اَور خُداوند کو اَور بادشاہ کو سجَدہ کِیا۔ 21 ۲۱۔۔اَور اُنہوں نے خُداوند کے لئے ذَبیحے ذَبح کِئے۔ اَور دُوسرے دِن صُبح کو خُداوند کے لئے سوختنی قُربانیاں چڑھائیں۔ ایک ہزار بَیل اَور ایک ہزار مینڈھے اَور ایک ہزار بروں سمیت اُن کے تپاوَنوں کے اَور تمام اِسرؔائیل کے لئے کثرت سے قُربانیاں چڑھائیں۔ 22 ۲۲۔۔اَور اُس روز اُنہوں نے بڑی خُوشی سے خُداوند کے آگے کھایا اَور پِیا۔ اَور داؔؤد بادشاہ کے بیٹے سُلیمؔان کو بادشاہ مُقرّر کِیا۔ اَور اُنہوں نے اُسے خُداوند کی طرف سے حُکمران ہونے اَور صادؔوق کو کاہِن ہونے کے لئے مسَح کِیا۔ 23 ۲۳۔۔تب سُلیمؔان اپنے باپ داؔؤد کی جگہ خُداوند کے تخت پر بادشاہ ہو کر بیٹھا اَور سربُلند ہُؤا۔ اَور سارے اِسرؔائیل نے اُس کی فرمانبرداری کی۔ 24 ۲۴۔۔اَور تمام سردار اَور بہَادُر اَور داؔؤد بادشاہ کے سب بیٹے بھی سُلیمؔان بادشاہ کے تابع ہُوئے۔ 25 ۲۵۔۔اَور خُداوند ے سُلیماؔن کو سارے اِسرؔائیل کی نِگاہ میں بری عظمت بخشی۔ اَور سلَطَنَت کا ایسا رُعب اُسے عطا کِیا۔ کہ اُس سے پہلے اِسرؔائیل میں ایسا کسی بادشاہ کا نہ تھا۔ 26 ۲۶۔۔داؔؤد بِن یِسّؔی نے تمام اِسرؔائیل پر سَلطنَنت کی۔ 27 ۲۷۔۔اَور اِسرؔائیل پر اُس کی سَلطنَت کرنے کے ایّام چالیس برس تھے۔ اُس نے حِبرؔون میں سات برس اَور یرُوشلیِؔم میں تینتیس برس سَلطنَت کی۔ 28 ۲۸۔۔پس اُس نے بڑھاپے میں دولت و عزت سے خوب آسودہ ہو کر وفات پائی۔ اَور اُس کا بیٹا سُلیماؔن اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔ 29 ۲۹۔۔اَور داؔؤد بادشاہ کے سب کے سب کام شروع سے آخر تک دیکھو ۔ جو سمُوئیؔل نبی کی تارِیخ میں اَور ناتاؔن نبی کی تارِیخ میں اَور جاؔد نبی کی تارِیخ میں۔ 30 ۳۰۔۔سمیت اُس کی ساری حُکومت اَور زور اَور جو زمانے اُس پر اَور اِسرؔائیل پر اَور مُلکوں کی سَلطنَتوں پر گُزرے لِکھے ، ہُوئے ہَیں+