باب 1

1 نیِنؔوہ کے حَق میں بارِ نبُوّت۔ اِلقوشی ناحُوؔم کی رویا کی کتاب۔ تمہیدی مزمور 2 (الف)۔ خُداوند خُدائے غیُّور اَور اِنتقام لینے والا ہَے۔ خُداوند اِنتقام لینے والا اَور قہر کرنے والا ہَے۔ خداوند اپنےمخالفوں سے انتقام لیتا۔ اَور اپنے دُشمنوں پر غضباک ہوتا ہے۔ 3 خُداوند قہر کرنے میں دِھیما اَور رحم کرنے والا ہَے۔ وہ مُجرم کو ہرگز بَری نہیں کرتا۔ ب۔ خُداوند کی راہ گَردباد اَور طُوفان ہَے۔ اَور بادِل اُس کے قدموں کی گَرد ہَیں۔ 4 ج۔ وہ سمُندر کو ڈانٹتا اَور سُکھا ڈالتا ہَے۔ اَور ہر دریا کو خُشک کر دیتا ہے۔ د۔ بَسن اَور کرمِل کُملا جاتے ہیں۔ لُبنان کی کونپلیں مُر جھا تی ہَیں۔ 5 ہ۔ اُس کے سامنے پہاڑ کانپتے ہَیں۔ اَور ٹِیلے پِگھل جاتےہَیں۔ و۔ اُس کے حضُور زمین۔ ہاں دُنیا۔ اپنے کُل باشِندوں سمیت تھر تھراتی ہَے۔ 6 ز۔ اُس کے غُصّے کی تاب کِس کو ہَے؟ اُس کے قہِر شدِید کی برداشت کون کرے گا؟ ح۔ اُس کا غضب آگ کی مانِند نازِل ہوتا ہَے۔ اَور چٹانیں اُس کے سامنے چُور چُور ہو جاتی ہَیں۔ 7 ط۔خُداوند اپنے اِنتظار کرنے والوں کے لئے بھلا ہَے۔ اَور تنگی کے دِن میں وہ جائے پناہ ہَے۔ ی۔ وہ اپنے توکُّل کرنے والوں سے واقِف ہَے۔ 8 جب طُوفانی سیلاب آ جاتا ہَے۔ ک۔ تو وہ اپنے خلاف اُٹھنے والوں کو فنا کر دیتا اَور اپنے دُشمنوں کو تارِیکی کے اندر بھگا دیتا ہَے۔ 9 تُم خُداوند کی مُخالفت میں کیا منصُوبے باندھتے ہو؟ وہ بالکُل نابُود کر ڈالے گا۔ عذاب دُوسری بار نہ آئے گا۔ 10 چُونکہ وہ کانٹوں کی مانند اُلجھے ہُوئے اَور متوالوں کی مانند مَدہوش ہَیں اِس لئے وہ سُوکھے بُھوسے کی طرح بالکُل بھسم کر دِئیے جائیں گے۔ 11 تُجھ میں سےایک ایسا شخص نِکلا ہَے۔ جو خُداوند کے خلاف بُرے منصوبے باندھتا ہے اَور شرارت کی صلاح دیتا ہے۔ 12 ۔ کلماتِ نبوت خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔وہ کِس قدر زور آور اَور زیادہ کیوں نہ ہوں تو بھی وہ تباہ و فنا ہو جائیں گے۔اگرچہ مَیں نے تُجھے دُکھ دِیا ہَے تاہم آئندہ کو تُجھے دُکھ نہ دُوں گا۔ 13 اِس وقت مَیں اُس کا جُؤا تُجھ پر سے توڑ ڈالوں گااَور تیرے بندھنوں کورِیزہ ریِزہ کر دوں گا۔ 14 خُداوند کی طرف سے تیری بابت یہ حُکم ہَے کہ تیری نسل باقی نہ رہے گی۔مَیں تیرے مَعبُود کے گھر سے تراشی اَور ڈھالی ہُوئی مُورتوں کو نیست کر دُوں گا اَور مَیں تیرے لئے قبر تیّار کرُوں گا کیونکہ تیری تحِقیر کی گئی ہَے۔ 15 دیکھ۔ پہاڑوں پر اُس مُبشّر کے قدم کیا ہی خُوشنُما ہَیں جو سلامتی کی بشارت دیتا ہَے۔ اَے یہُوداہ اپنی عیدیں منا۔ اپنی مَنّتیں ادا کر کیونکہ پِھر وہ خبِیث تُجھ میں سے نہ گُزرے گا۔وہ سَراسَر نیست و نابُود ہو گیا ہَے۔