باب

1 ۔ مختلف اصلاحات اُس روز اُنہوں نے لوگوں کو مُوسؔیٰ کی کِتاب پڑھ کر سُنائی۔ اَور اُس میں یہ لِکھا ہُؤا پایا گیا۔ کہ عمّونی اَور موآبی کبھی خُدا کی جماعت میں داخِل نہ ہوں۔ 2 ۔کیونکہ وہ بنی اَسؔرائیل کو روٹی اَور پانی لے کر نہ ملے۔ بلکہ اُنہوں نے اُن کے خلاف بلعاؔم کو اُجرت دی تاکہ اُن پر لعنت کرے مگر ہمارے خُدا نے لعنت کو برکت سے بدل دِیا۔ 3 ۔جب اُنہوں نے شریعت سُنی۔ تو اُنہوں نے ساری مِلی جُلی بھیڑ کو اَسؔرائیل سے الگ کر دیا۔ 4 ۔اَور اِس سے پہلے الیاسب کاہِن نے جو خُدا کے گھر کی کوٹھڑیوں کا مُختار اَور طوبیاہ کا رِشتہ دار تھا۔ 5 ۔اُس کے لئے ایک بڑی کوٹھڑی بنائی تھی۔ جہاں پر کہ پہلے نَذر کی قُربانیاں اَور لُوبان اَور برتن اَور اناج اَور مَے اَور تیل کی دَہ یکیاں جو لاویوں اَور گانے والوں اَور دربانوں کا حَق تھیں اَور کاہِنوں کی نَذّر کی قُربانیاں رکھّی جاتی تھیں۔ 6 ۔اَور اِس سارے وقت میں مَیں یرُوشلِیؔم میں نہیں تھا۔ کیونکہ شاہ بابؔل ارتخششتا کے بتیسویں برس میں مَیں بادشاہ کے پاس لَوٹا۔ اَور کُچھ دِنوں کے بعد مَیں نے بادشاہ سے اجازت لی۔ 7 ۔اَور میں یرُوشلِیؔم میں آیا۔ اَور میں نے وہ شرارت جو الیاسب اور طوبیاہ کے سبب کی تھی معلُوم کی۔ کہ اُس نے خُدا کے گھر کے صحنوں میں اُس کے لئے ایک کوٹھڑی بنا رکھّی ہے۔ 8 تو یہ مُجھے بُہت بُرا لگا۔ اَور مَیں نے طوبیاہ کے گھر کا تمام اسباب کوٹھڑی سے باہر پھینک دِیا۔ 9 ۔اَور مَیں نے حُکم دِیا تو اُنہوں نے کوٹھڑیوں کوپاک کِیا۔ اَور مَیں وہاں خُدا کے گھر کے برتن اَور نَذّر کی قُربانیاں اَور لوُبان پِھر لایا۔ 10 ۔اَور مَیں نے معلُوم کِیا۔ کہ لاویوں کو اُن کے حِصّے نہیں دِئیے گئے۔ اِس لئے خدمت گُزار لاوی اَور گانے والے ہر ایک اپنے مُلک کو چلے گئے۔ 11 ۔ تب مَیں نے حاکِموں کے ساتھ جھگڑا کِیا اُور اُن سے کہا۔ کہ خُدا کا گھر کیوں چھوڑا گیا؟ پھر مَیں نے اُنہیں جمع کِیا اَور اُن کی جگہوں پر اُنہیں مُقرّر کِیا۔ 12 ۔اَور تمام یُہوداہ گیہُوں اَور مَے اَور تیل کی دَ ہ یِکی خزانوں میں لائے۔ 13 ۔اَور مَیں نے خزانوں پر سلمیاہ کاہِن اَور صدوق فقیہہ کو خزانچی مُقرّر کِیا اَور لاویوں میں سے فدایاؔہ ۔ اَور اُن کے ساتھ حنان بِن زکُّور بِن متنیاہ تھا۔ کیونکہ وہ دِیانتدار سمجھے جاتے اَور اپنے بھائیوں پر تقسیم کرنے کے مُختار تھے۔ 14 ۔اَے میرے خُدا !مُجھے اِس کے لئے یاد کر۔ اَور میرے نیک کاموں کو جو مَیں نے اپنے خُدا کے گھر کے لئے اُور اُس کی رسموں کے لئے کئِے ، مت بُھول۔ 15 ۔اَور اُنہی دِنوں میں مَیں نےیُہوداہ میں بعض لوگوں کو دیکھا۔ جو سبت کے دِن انگوُروں کو کولُھوؤں میں کُچلتے تھے۔ اَور پُولے گدھوں پر لاد کر لاتے تھے۔ اَور ایسا ہی وہ مَے اَور انگُور اَور اِنجیر اَور تمام بوجھ سبت کے دِ ن یرُوشلِیؔم میں لاتے تھے۔ اَور اُن کے خُوراک بیچنے کے دِن مَیں نے اُن کے خلاف آواز اُٹھائی۔ 16 ۔اَور صُوری لوگ جو وہاں رہتے تھے۔ وہ مچھلی اَور سب طرح کی بیچنے والی چیزیں لاتے اَور بنی یہوداہ کے پاس یرُوشلِیؔم میں سبت کے دِن بیچتے تھے۔ 17 ۔تو مَیں نے یہُوداہ کے سرداروں کو دھمکی دی اَور اُن سے کہا۔ کہ یہ کیا شرارت ہے جو تُم کرتے ہو۔ کہ سبت کے دِن کی بے حرمتی کرتے ہو؟ 18 ۔کیا تُمہارے آباؤ اَجداد نے یُونہی نہ کِیا؟ تو ہمار اخُدا یہ سب آفت ہم پر اَور اِس شہر پر لایا۔ اَور تُم سبت کی بے اَدبی کر کے اَسؔرائیل پر غضب کو زِیادہ کرتے ہو۔ 19 ۔اَور ایسا ہُؤا ۔کہ جب سبت سے پیشتر یُروشلِیؔم کے پھاٹکوں پر اندھیراہونے لگا۔ تب مَیں نے پھاٹکوں کے بند کرنے کو کہا۔ اَور حُکم دِیا۔ کہ جب تک سبت گُزر نہ جائے وہ کھولے نہ جائیں۔ اَور مَیں نے اپنے نوکر پھاٹکوں پر مُقرّر کئِے۔ کہ سبت کے دِن کوئی آدمی بوجھ لے کر اندر نہ آئے۔ 20 ۔چُنانچہ سوداگر اَور سب طرح کا سامان بیچنے والے ایک یا دو دفعہ یرُوشلِیؔم سے باہر رات بھر رہے۔ 21 ۔تب مَیں نے اُنہیں ٹوکا اَور اُن سے کہ تُم کِس واسطے دِیوار کے پاس رات کو رہتے ہو؟ اگر تُم پھر ایسا کرو گے تو مَیں تُم پر ہاتھ اُٹھاؤں گا تو اُس وقت سے وہ پھِر سبت کے دِن کو نہ آئے۔ 22 ۔اَور مَیں نے لاویوں کو حُکم دِیا۔ کہ اپنے آپ کو پاک کریں۔ اَور آکر پھاٹکوں کو نِگہبانی کریں۔ تاکہ وہ سبت کو پاک رکھیں۔ اَے میرے خُدا! اِس کے لئے بھی مُجھے یاد فرما۔ اَور اپنی مہربانیوں کی کثرت کے مُطابِق مُجھ پر رحم کر۔ 23 ۔اِنہی دِنوں میں مَیں نے بعض یُہودیوں کو دیکھا ۔ کہ وہ اَشدودی اَور عمّونی اَور موآبی عورتوں کو بیاہ لائے تھے۔ 24 ۔اَور اُن کی اولاد کی آدھی باتیں اَشدودی زُبان میں تھیں۔ اَور وہ یُہودی زُبان میں اچھّی طرح بات نہیں کرتے تھے بلکہ اِدھر اُدھر کے لوگوں کی بولی میں بولتے تھے۔ 25 ۔تب مَیں نے اُنہیں ملامت کی۔ اَور اُنہیں لعنت کی اَور اُن میں سے بعض کو مارا۔ اَور اُن کے بال اُکھاڑے اَور اُن سے خُدا کی قسَم لی۔ کہ ہم اپنی بیٹیاں اُن کے بیٹوں کے لئے نہ دیں گے اَور اُن کی بیٹیاں نہ اپنے بیٹوں کے لئے اَور نہ اپنے لئے لیں گے۔ 26 ۔کیا اِنہی باتوں سے شاہ اَسؔرائیل سُلیماؔن نے گُناہ نہ کِیا؟ حالانکہ بُہت قوموں میں اُس کی مانند کوئی بادشاہ نہ ہُؤا۔ اَور وہ خُدا کے نزدیک محُبوب تھا۔ اَور خُدا نے اُسے تمام اَسؔرائیل پر بادشاہ مُقرّر کِیا۔ مگر اجنبی عورتوں نے اُس سے بھی گُناہ کروایا۔ 27 ۔تو کیا یہ ساری بڑی شرارت اَور اپنے خُدا کے خلاف نافرمانی کرنے کےلئے ہم تُمہاری سُنیں۔ کہ اجنبی عورتوں کو بِیاہ کر اپنے خُدا کا گُناہ کریں؟ 28 ۔ اَور سردار کاہِن یویدع بِن الیاسب کے بیٹوں میں سے ایک سَنَبلّؔط حورونی کا داماد تھا۔ تو مَیں نے اپنے پاس سے اُسے نِکال دِیا۔ 29 ۔اَے میرے خُدا! اُنہیں یاد کر۔ کیونکہ اُنہوں نے کہانت کو اَور کاہِنوں اَور لاویوں کے عہد کو ناپاک کِیا۔ 30 ۔یُوں مَیں نے اُنہیں سب اجنبیوں سے پاک کِیا۔ اَور کاہِنوں اَور لاویوں کی باریاں یعنی ہر ایک کی اُس کی خدمت کے لئے ترتیب دیں۔ 31 ۔اَور مُقرّرہ وقتوں میں لکڑی کے ہدیوں اَور پہلے پھَلوں کےلئے۔ پس اَے میرے خُدا مُجھے نیکی کے لئے یاد فرما۔