باب

1 ۔ عدل کی سَلطنَت دیکھ ۔ایک بادشاہ عدل سے سَلطنَت کرےگا۔ اَور رُؤسا صداقت سے حُکمرانی کریں گے۔ 2 ۔ اَور ہر ایک ہَوا اسے چھُپنے کے مکان اَور سیلاب سے آڑ کی طرح ہوگا جس طرح کہ خشک زمین میں پانی کی ندیاں اَور بڑی چٹان کے سایہ کی مانند جو بِیابانی زمین میں ہو۔ 3 ۔ اَور دیکھنے والوں کی آنکھیں نہ دُھندلائیں گی اَور سُننے والوں کے کان خُوب سُنیں گے۔ 4 ۔ اَور جلد بازوں کے دِل عِلم کو سمجھیں گے اَور ہکلانے والوں کی زُبانیں فصاحت اَور صفائی سے کلام کریں گی۔ 5 ۔ بعد ازاں کنُجوس سخی نہ کہلائے گا۔اَور فریب باز کو شریف نہ کہا جائے گا۔ 6 ۔کیونکہ احمق آدمی حماقت کی بات کرتا ہے۔ اَور اُس کا دِل بَدی کا منصُوبہ باندھتا ہے ۔تاکہ کُفر سے کام کرے اَور خُداوند کے خلاف بِدعت کی بات بولے۔ تاکہ بھُوکے کے پیٹ کو خالی کرے اَور پیاسے کو پینے سے روکے۔ 7 ۔ کیونکہ دغا باز کے اوزار خبِیث ہیں وہ فریب کے منصُوبے باندھتا ہے تاکہ غریبوں کو جھُوٹی باتوں سے ہلاک کرے اُس وقت بھی جب کہ مِسکین سچّی بات بولتا ہے۔ 8 ۔مگر سخی سخاوت کے منصُوبے کرتا ہے۔ اَور سخاوت سے قائم رہے گا۔ 9 ۔ یہُوؔداہ کی آزمائِش اَے آسُؤدہ عورتو! اُٹھو میری آواز سُنو۔ اَے بے پروا بیٹیو! میری بات پر کان لگاؤ۔ 10 ۔ کُچھ دِنوں اَور سال کے بعد تُم اَے بے پرواعورتو! بے چین ہو جاؤگی ۔کیونکہ انگُور کا موسم جاتا رہے گااَور جمع کرنا نہ ہوگا۔ 11 ۔ اَے آسُودہ عورتو! کانپو۔اَے بے پروا عورتو! بے چین ہو ۔کپڑے اُتارو۔برہنہ ہوجاؤ اَور اپنی کَمروں پر ٹاٹ باندھو۔ 12 ۔ دِل پذیر کھیتوں اَور پھَلدار تاکسِتانوں کے لئے چھاتی پِیٹو۔ 13 ۔ میری اُمّت کی سَر زمین پر بلکہ تمام عشرت خانوں پر اَور خُوشی کے قصبوں پر کانٹے اَور خار دار جھاڑیاں نکلیں گی۔ 14 ۔ محلّ چھوڑا جائے گا۔اَور آباد شہر خالی کیا جائے گا اَور پہاڑی کا قِلعہ اَور بُرج ہمیشہ کے لئے غاریں جنگلی گدھوں کی آرام گا ہ اَور گلوں کی چراگاہ بنیں گی۔ 15 ۔ جب تک کہ عالمِ بالا سے ہم پر رُوح اُنڈیلی نہ جائے تب تک بَیابان زرخیز باغیچہ نہ بن جائے گا اَور پھَلدار کھیت جنگل نہ سمجھا جائے گا۔ 16 ۔ اَور صداقت بِیابان میں بسے گی اَور عدل زرخیز باغیچہ میں قرار پائے گا ۔ 17 ۔ اَور عدل کا کام سلامتی اَور عدل کی تاثیر اَبدی راحت اَور اَمن ہوگی ۔ 18 ۔ اَور میری اُمّت سلامتی کے مکان میں اَور آرام کے مَسکنوں میں اَور آسائش کی جگہ میں رہے گی ۔ 19 ۔ جب اولے یکایک گِر پڑیں گے اَور شہر پست ہی پست کیا جائے گا۔ 20 ۔ مُبارَک ہو تُم جو تمام نہروں کے نزدِیک بوتے ہو ۔اَور جو اُس پر بَیل اَور گدھے کے پاؤں چلاتے ہو۔