باب

1 ۔ وہ کلام جو یسعیاہ بن آموؔص نے یُہوداہ اَور یُروشلؔیِم کی بابت رُویا میں پایا۔ 2 ۔ مسیح کی سَلطنت آخری دِنوں میں ایسا ہوگا کہ خُداوند کے گھر کا پہاڑ پہاڑوں کی چوٹی پر اُستوار کیا جائے گا۔اَور پہاڑوں سے بُلند کیا جائے گا۔ اَور تمام اُمتیں اُس کی طرف روانہ ہوں گی ۔ 3 ۔ اَور بہُت سی قومیں آئیں گی اور کہیں گی ۔آؤ ہم خُداوند کے پہاڑ کی طرف یعنی یَعقوب کے خُدا کے گھر کی طرف چڑھیں اَور وہ اپنی راہیں ہمیں سِکھائے گا تو ہم اُس کے رستوں میں چلیں گے کیونکہ صیُون سے شریعت اَور یُروشلؔیِم سے خُداوند کا کلام صادِر ہوگا ۔ 4 ۔ وہ بُہت سی قوموں کے درمیان عدالت کرے گا اَور بہت سی قوموں کا اِنفصال کرے گا تو وہ اپنی تلواروں کو توڑ کر پھالیں اَور اپنے نیزوں کو درانتیاں بنائیں گی۔ پھِر قوم پر قوم تلوار اُونچی نہ اُٹھائے گی۔ اَور وہ پھرکبھی جنگ کی مشق نہ کریں گی۔ 5 ۔ اَے یَعقوب کے گھرانے ! آؤ ۔ ہم خُداوند کے نُور میں چلیں۔ 6 ۔ فتویٰ کا اِعلان یقیناََ۔ تُو اپنی اُمّت ( یعنی یَعقُوب کے گھرانے) کو ترک کرےگا۔کیونکہ جس طرح فلستیوں میں اُسی طرح اُن میں کثرت سے جادُوگر اَور نُجومی ہیں۔اَور وہ اجنبیوں کے ساتھ عہد باندھتے ہیں۔ 7 ۔اُن کی سَرزمین چاندی اَور سونے سے معَمور ہے اَور اُن کے خزانے کی کُچھ حد نہیں اَور اُن کا مُلک گھوڑوں سے بھر گیا اَور اُن کے رتھوں کا کُچھ شُمار نہیں ۔ 8 ۔اَور اُن کی سر زمین بُتوں سے بھرپور ہے۔ وہ اپنے ہاتھوں کی کاریگری کے آگے سجدہ کرتے ہیں ۔ 9 ۔اَور اپنی اُنگلیوں کی صنعت کے سامنے بشر جھُکتا اور اِنسان اپنے آپ کو پست کرتا ہے۔ 10 ۔ خُداوند کے رُعب کے سبب سے اَور اُس کی حشمت کی تجلّی کی وجہ سے چٹان میں داخِل ہو اَور خاک میں چھُپ جا۔ 11 ۔بشر کی بُلند نظر ی پست کی جائے گی اَور اِنسان کا غرور جھُکایا جاے گا اُور اُس روز فَقط خُداوند ہی سرفراز ہوگا۔ 12 ۔کیونکہ ربُّ الافواج کا دِن ہر ایک تکبُر۔بُلند نظری اَور ہر ایک گھمنڈ اَور غرُور پر آئے گا۔ 13 ۔ اور لُبناؔن کے تمام اُونچے دِیواروں پر اُور بُسن کے تمام بُلند بلُوطوں پر ۔ 14 ۔ اَور سب بُلند پہاڑوں پر اَور سب اُونچی پہاڑوں پر ۔ 15 ۔ اَور ہر ایک اُونچے بُرج پر اَور ہرایک فصیل دِیوار پر ۔ 16 ۔ اَور ترسیس کے تمام جہازوں پر ۔اَور تمام حِسین کشتیوں پر ۔ 17 ۔اَور بشر کا غرُور جھُکایا جائے گا اَور اِنسان کا گھُمنڈپست کیا جائے گا اَور اُس روز فَقط خُداوند ہی سرفراز ہوگا۔ 18 ۔ اَور بُت سب کے سب فنا ہو جائیں گے ۔ 19 ۔اَور خُداوند زمین کے سبب سے اَور اُس کی حشمت کی تجلّی کی وجہ سے جس وقت وہ اُٹھ کر زمین کو پریشان کرے گا۔وہ چٹان کی غاروں اَور زمین کے شگافوں میں گس جائیں گے۔ 20 ۔اُس رو زآدمی اپنی چاندی کے بتُوں اَور سونے کی مُورتوں کو جنہیں اُنہوں نے پرستش کے لئے بنایا تھا چھُچھوندروں اَور چمگادڑوں کے آگے پھینک دیں گے۔ 21 ۔اَور خُداوند کے رعب کے سبب سے زمین اور اُس کی حشمت کی تجلی کی وجہ سے جس وقت وہ اُٹھ کر زمین کو ہلائے گا۔ چٹان کے شگافوں اَور ناہموار پتھّروں کے چھیدوں میں گس جائیں گے۔ 22 ۔ اسرائیل پر فتوی تُم اِنسان سے جس کا دَم اُس کے نتھنوں میں ہے دست بردارہو ۔کیونکہ اُس کی کیا قدر کی جائے گی۔