باب

1 ۔ بوعز کا رُوت سے بِیاہ اَور بوعز پھاٹک پر گیا۔ اَور وہاں بیٹھا۔ اور دیکھو وہ قرابتی جس کی بابت بوعز نے بات کی تھی وہاں سے گُزرا۔ تو اُس نے اُس سے کہا۔ اَے بھائی! اِدھر آ۔ اور یہاں بیٹھ جا۔ تب وہ آیا اور بیٹھ گیا۔ 2 ۔ پِھر اُس نے شہر کے بزُرگوں میں سے دس آدمی بُلوا کر اُن سے کہا کہ یہاں بیٹھ جاؤ۔ 3 - ۔تب اُس نے اُس قرابتی سے کہا۔ کہ نعومی جو موآب کے مُلک سے واپس آئی۔ ہمارے بھائی اِلیملک کے کھیت کا حِصّہ بیچتی ہے۔ 4 ۔ تو مَیں نے کہا کہ یہ بات مَیں تُجھ پر ظاہر کرُوں گا۔ اور تُجھ سے کہُوں گا کہ اُن کے سامنے جو بیٹھے ہَیں یعنی میری قوم کے بزُرگوں کے سامنے تُو اُسے خرِیدلے۔ اگر تُو اُسے چُھڑانا چاہتاہے تو چھُڑا۔ ورنہ مُجھے بتا کہ مَیں جانُوں۔ کیونکہ تیرے سِوا اور کوئی نہیں جو اُسے چھُڑائے۔ میَں تو تیرے بعدہُوں۔ تو اُس نے کہا کہ مَیں اُسے چھُڑالوں گا۔ 5 ۔ پِھر بوعز نے کہا کہ جس دِن تُو کھیت نعومی کے ہاتھ سے خرِیدے۔تو رُوت موآبی کو بھی لینا ہوگا جو مرحُوم کی بیوی ہے۔ تاکہ مرحُوم کا نام اُس کی مِیرَاث پر قائم رہے۔ 6 ۔ تب اُس قرابتی نے کہا کہ میَں اپنے واسطے اُسے چھُڑا نہیں سکتا تا نہ ہو کہ مَیں اپنی مِیرَاث خراب کرُوں۔اِس لئے تُو ہی میری قرابتی کا حَق لے لے۔کیونکہ میَں چھُڑا نہیں سکتا۔ 7 8 ۔ اَور اِسرائیل میں قرابتی اَور مُبادلہ کا مُعاملہ مُستقل کرنے کے لئے یہ ایک قدیمی رسم تھی۔ کہ آدمی اپنی جُوتی اُتارتا اَور اپنے ہمسائے کودے دیتا۔ اِسرائیل میں تصدیق کرنے کا یہی طریقہ تھا۔ ۔ تو اُس قرابتی نے بوعز سے کہا۔ کہ تُو آپ ہی اپنے لئے خرِید لے۔ اور اپنی جُوتی اُتار ڈالی۔ 9 ۔ تب بوعز نے بزُرگوں اَور سب لوگوں سے کہا کہ تُم آج کے دِن گَواہ ہو کہ مَیں نے سب کُچھ جو اِلیملک کا اور سب جو کلیون اور مَحلون کا تھا۔نعومی کے ہاتھ سے خرِید لِیا ہے۔ 10 ۔ اَور علاوہ اِس کے مَیں نے محلون کی بیوی موآبی رُوت کو اپنی بیوی بنایا ہے۔ تاکہ مرحُوم کا نام اُس کی مِیرَاث پر قائم رہے۔ اور مرحُوم کا نام اُس کے بھائیوں کے درمیان سے اَور اُس کے مکان کے دروازہ سے کَٹ نہ جائے۔ تُم آج کے دِن گَواہ ہو۔ 11 ۔ تب سب لوگوں نے جوپھاٹک پر تھے اور بزُرگوں نے کہا ہم گَواہ ہیں۔ خُداوند اُس عورت کو جو تیرے گھر میں آئی ہے۔ راخل اور لیاہ کی مانند کرے۔ جِن دونوں نے اِسرائیل کا گھر بنایا۔ اور تُو اِفراتہ میں صاحبِ قُوّت ہو اور بیت لحم میں تیرا نام مشہُور ہو۔ 12 ۔ اور تیرا گھر اُس نسل سے جو خُداوند تُجھے اِس عورت سے دے گا۔ فارص کے گھر سا ہو۔ جو تمر سے یہُوداہ کے لئے پیداہُوا۔ 13 ۔ تب بوعز نے رُوت کو لِیا۔ اور وہ اُس کی بیوی ہُوئی اور اُس نے اُس سے خلوت کی تو خُداوند نے اُسے حمل دِیا اور اُس سے بیٹا پیدا ہُوا۔ 14 ۔ اور عورتوں نےنعومی سے کہا خُداوند مُبارَک ہو کہ جس نے آج تیرے خاندان کوقرابتی کے بغیر نہیں رہنے دیا۔ تاکہ اُس کا نام اِسرائیل میں قائم رہے۔ 15 ۔ اور وہ تیری جان کا بحال کرنے والا اور تیرے بُڑھاپے کا بھروسا ہوگا۔ کیونکہ تیری بہُو جو تُجھے پیار کرتی ہے۔ وہ اُس کی ماں ہے۔ ہاں وہ تیرے لئے سات بیٹوں سے بہتر ہے۔ 16 ۔ اورنعومی نے اُس لڑکے کو لِیا اور اپنی گود میں رکھّا اور اُس کی دایہ بنی۔ 17 ۔ اور اُس کی ہمسایہ عورتیں اُس کا نام رکھّ کر بولیں۔ کہ نعومی کے لئے بیٹا پیدا ہُوا۔ اَور اُنہوں نے اُس کا نام عوبیدرکھّا۔ اَور وہ یسّی کا باپ تھا۔ جو داؤد کا باپ ہے۔ 18 ۔لہٰذا فارص کا نسب نامہ یہ ہے۔ فارص سے حصرُون پیدا ہُوا۔ 19 ۔ اور حصُرون سے رام پیدا ہُوا۔ اور رام سے عمینداب پیدا ہُوا۔ 20 ۔ اور عمینداب سے نحسون پیدا ہُوا۔ اور نحسون سے سَلمون پیدا ہُوا۔ 21 ۔ اور سَلمون سے بوعز پیدا ہُوا۔ اور بوعز سے عوبید پیدا ہُوا۔ 22 ۔ اور عوبید سے یسّی پیدا ہُوا اور یسّی سے داؤد پیدا ہُوا ۔