1 ۔ داؤدباد شاہ جات کے پاس اَور داؤد نے اپنے دِل میں کہا۔ کہ مَیں کِسی نہ کِسی دِن ساؤل کے ہاتھ سے مارا جاؤں گا۔ پس میرے لئے اِس سے بہتر کُچھ نہیں۔ کہ مَیں فِلستین کے مُلک میں بھاگ کر بچار ہوں۔ تو وہ مُجھ سے نااُمّید ہوجائے گا۔ اَور بعدازاں پِھر اِسرائیل کی تمام سَرحدوں میں میری تلاش نہ کرے گا۔اِس طرح اُس کے ہاتھ سے میری جان چھُٹ جائے گی۔ 2 ۔ تب داؤد اُٹھا۔ اَور اپنے ساتھ کے چھ سو جوانوں کو لے کر جات کے بادشاہ اکیس بِن معوک کی طرف پار چلا گیا۔ 3 ۔ اَور داؤد نے اکیس کے پاس جات میں قیام کِیا۔ وہ اَور اُس کے آدمی ہر ایک ساتھ اپنے گھرانے کے۔ اَور داؤد اپنی دونوں بیویوں کے ساتھ یعنی اَخینوعم جو یزر عیل سے تھی اَور ابیجیل جو کرمِلی نابال کی بیوی تھی۔ 4 ۔ اَور ساؤل کو خبردی گئی۔ کہ داؤد جات کو بھاگ گیا۔ تو وہ پِھر اُس کی تلاش سے باز رہا۔ 5 ۔ اَور داؤد نے اکیس سے کہا۔ اگر مَیں نے تیری نظر میں مقبُولِیّت پائی تو اِس مُلک کے کِسی شہر میں مُجھے مقام عطا کر۔ تاکہ مَیں وہاں بسُوں۔ تیرا خادِم دارُالسَلطنَت میں تیرے ساتھ کِس واسطے رہے؟ 6 ۔ تو اکیس نے اُس روز اُسے صِقلاَج عطا کِیا۔ اِس سبب سے صِقلاَج آج کے دِن تک یہوداہ کے بادشاہوں کا ہے۔ 7 ۔ اَورکُل مُدّت جو داؤد فلستیوں کے مُلک میں رہا۔ ایک برس اَور چار مہینے تھی۔ 8 ۔ اَور داؤد اَور اُس کے ساتھی نِکلتے۔ اَور جسوریوں اَور جزرریوں اَور عمالیِقیوں پر حملہ کرتے تھے۔جو اُس مُلک کے شورتک بلکہ مصِر تک قدیمی باشِندے تھے۔ 9 ۔ اَور داؤد اُس مُلک کو مارتا۔ اَور کِسی آدمی یا عورت کونہ چھوڑتا۔ اَور بھیڑ بکریاں اَور گائے بَیل اَور گدھے اَور اُونٹ اَور کپڑے لے کر اکیس کے پاس واپس آتا۔ 10 ۔ تو اکیس اُسے پُوچھتا تھا کہ تُونے آج کہاں حملہ کِیا ؟اَور داؤد کہتاتھا کہ یہوداہ کےجنوب یا یرحمیلیوں کے جنوب یاقیِنیوں کے جنوب میں۔ 11 ۔ اَور داؤد کِسی مَرد یا عورت کو جات میں لے جانے کے لئے باقی رہنے نہ دیتا تھا۔ تانہ ہو کہ وہ اُس کے خلاف کہیں۔ تو داؤد یُونہی کرتا رہا۔ اَور تمام ایّام میں جب تک وہ فلستیوں کے مُلک میں رہا۔ اُس کا یہی طریقہ رہا۔ 12 ۔ اَور اکیس داؤد پر اِعتماد رکھتا تھا۔ اَور کہتا تھا کہ اُس نے اپنے آپ کو اپنی قوم اِسرائیل کے نزدِیک قابِلِ نفرت بنایا ہے۔ چُنانچہ ہمیشہ تک وہ میرا خادِم رہے گا۔