1 ۔ اِلقانہ اَور حَنہ کوہ اِفرائیم کے راما تیم صُوفیم میں سے ایک مَرد تھا بنام اِلقانہ بِن یروحام بِن اِلیہوبِن تو حُوبِن صُوف اِفرائیمی۔ 2 ۔ اور اُس کی دو بیویاں تھیں۔ ایک کا نام حَنّہ اور دُوسری کا نام فِنِنّہ تھا۔ اور فِنِنّہ کی اولاد تھی۔ مگر حَنّہ کی اولاد نہ تھی۔ 3 ۔یہ مَرد معیّن اوقات پر اپنے شہر سے سیلا میں ربُّ الافواج کے آگے سجدَہ کرنے اَور قُربانی گُزراننے کو جایا کرتا تھا۔ اَور وہاں پر عیلی کے دو بیٹے حفنی اَور فیخاس خُداوند کے کاہن تھے۔ 4 ۔ اَور جب وقت آیا۔ اَور اِلقانہ قُربانی گُزرانتا۔ تو وُہ اپنی بیوی فِنِنّہ اَور اُس کے سب بیٹوں اَور بیٹیوں کو حِصّہ دیتا۔ 5 ۔ لیکن حَنّہ کو دُگنا حِصّہ دیتا تھا۔ کیونکہ حَنّہ کووہ پیار کرتا تھا۔ گو خُداوند نے اُس کا رِحم بند کررکھّا تھا۔ 6 ۔ اَور اُس کی سَوت اُسے چھیڑتی تھی۔ تاکہ وُہ یہ بات کہ خُداوند نے اُس کا رِحم بند کر رکھّا ہے برداشت نہ کرے۔ 7 ۔ اَور ایسا ہی وہ ہر وقت کرتی۔ جب کہ اِلقانہ خُداوند کے گھر کو جاتا۔ وہ اُسے چھیڑتی اَور حَنّہ روتی اَور کُچھ نہ کھاتی تھی۔ 8 ۔ تو اِلقَانہ اُس کے شوہر نے اُس سے کہا۔ اَے حَنّہ! تُو کیوں روتی ہے اَور تُوکیوں نہیں کھاتی؟ اَور تیرا دِل کیوں آزردہ ہے؟ کیا مَیں تیرے لئے دس بیٹوں سے بہتر نہیں؟ 9 ۔ جب وہ سیلا میں کھاپی چُکے تو حَنّہ اُٹھی اَور خُداوند کے حضُور کھڑی ہوگئی۔ اَور اُس وقت عیلی کاہن خُداوند کی ہیکل کی چوکھٹ کے آگے کُرسی پر بیٹھا ہوا تھا۔ 10 ۔ اَور وہ رُوح کے دُکھ میں تھی۔ تب اُس نے خُداوند سے دُعا مانگی اَور روئی۔ 11 ۔ اَور اُس نے مَنّت مانی اَور کہا۔ اَے ربُّ الافواج! اگر تُو اپنی بندی کی پست حالی پر نظر کرے۔ اَور مُجھے یاد کرے۔ اَور اپنی بندی کو نہ بُھولے۔ اَور اپنی بندی کو فرزِند نرِینہ عطا کرے تو مَیں اُسے زِندگی بھرکے لئے خُداوند کو دے دُوںگی۔ اَور اُسترا اُس کے سر کو نہ چھُوئے گا۔ 12 ۔ اَور ایسا ہوا کہ جب وہ خُداوند کے آگے اپنی دُعا بڑھاتی جاتی تھی۔ عیلی اُس کے مُنہ کوغور سے دیکھتا تھا۔ 13 ۔ اَور حَنّہ اپنے دِل میں بولتی تھی۔ اَور صرف اُس کے ہونٹ ہلتے تھے لیکن اُس کی آواز سُنی نہ جاتی تھی۔ لہٰذا عیلی نے گمان کِیا۔ کہ وُہ نشے میں ہے۔ 14 ۔ تو عیلی نے اُ سے کہا تُو کب تک نشے میں رہے گی؟ مَے کو ہضم کر جو تُو نے زیادہ پی لی ہے۔ 15 ۔ حَنّہ نے جَواب میں کہا۔ ہرگز نہیں اَے میرے آقا۔ مَیں تو کم بخت عورت ہوں۔ مَیں نے نہ مَے اَور نہ کوئی نشہ پِیا۔ مگر مَیں اپنی جان کو خُداوند کے آگے اُنڈیل رہی ہوں۔ 16 ۔ تُواپنی بندی کو خبِیث عورتوں میں سے کِسی جیسی خیال نہ کر۔ کیونکہ مَیں نے اَب تک اپنے غم اَور دُکھ کی شِدّت کی بات کی ہے۔ 17 ۔ تب عیلی نے اُسے جَواب میں کہا۔ سلامتی سے چلی جا۔ اَور اِسرائیل کا خُدا تیری مُراد جو تُو نے اُس سے مانگی ہے، پُوری کرے۔ 18 ۔ تو اُس نے کہا کہ تیری بندی تیری آنکھوں میں مقبُولیِّت پائے۔ تب وہ عورت اپنی راہ چلی گئی۔ اَور کھانا کھایا۔ اَور پِھر اُس کا چہرہ پہلے کی طرح نہ رہا۔ 19 ۔ سمُوئیل کی پیدائش پِھر وہ اگلے دِن سویرے اُٹھے۔ اَور خُداوند کے آگے سجدَہ کیِا۔ اَور روانہ ہو کر رامہ میں اپنے گھرکو واپس آئے۔ اَور اِلقانہ اپنی بیوی حَنہ سے ہم بِستر ہوا۔ اَور خُداوند نے اُسے یاد کِیا۔ 20 ۔ اَور ایسا ہوا کہ دنوں کے دوران میں حَنّہ حامِلہ ہوئی۔ اَور اُس سے بیٹا ہوا۔ اَور اُس کا نام سمُوئیل رکھّا۔ کیونکہ اُس نے کہا۔ کہ مَیں نے اُسے خُداوند سے مانگا۔ 21 ۔ اَور وہ مَرد اِلقانہ اپنے تمام گھرانے سمیت خُداوند کے آگے اپنی سالانہ قُربانی اَور نَذَر چڑھانے گیا۔ 22 ۔ لیکن حَنّہ نہ گئی۔ کیونکہ اُس نے اپنے شوہر سے کہا کہ جب لڑکے کا دُودھ چھُڑایا جائے گا۔ تب مَیں اُسے لے کر جاوُں گی۔ تاکہ وہ خُداوند کے سامنے حاضِر ہو۔ اَور ہمیشہ وَہیں رہے۔ 23 ۔ اِلقانہ نے اُس سے کہا۔ جو تیری نِگاہ میں اچھّا ہے، تُو کر۔ اَور جب تک تُو اُس کا دُودھ نہ چھُڑائے تو ٹھہری رہ۔ اَور مَیں دُعا کرتا ہوں کہ خُداوند اپنے کلام کو پُورا کرے۔ تو وہ عورت ٹھہری رہی۔ اَور اپنے بیٹے کو دُودھ پِلاتی رہی۔ جب تک کہ اُس کا دُودھ نہ چھُڑایا۔ 24 ۔ پس جب اُس کا دُودھ چھُڑایا تو اُسے اپنے ساتھ لے گئی۔ اَور ساتھ ہی ایک سہ سالہ بچھڑا اَور آٹے کا ایک ایفہ اَور مَے کا مشکیزہ لیِا۔ اَور اُنہیں لے کر خُداوند کے آگے سیلا میں آئی۔ اَور لڑکا ابھی بُہت چھوٹا تھا۔ 25 ۔ تب اُنہوں نے بچھڑا ذَبح کِیا۔ اَور لڑکے کو عیلی کے پاس نَذَر کِیا۔ 26 ۔ اَور وُہ بولی۔ اَے میرے آقا! جیسے تیری رُوح زِندہ ہے۔ مَیں وُہی عورت ہوں۔ جس نے تیرے پاس یہاں کھڑی ہو کر خُداوند سے دُعا مانگی۔ 27 ۔ مَیں نے اِس لڑکے لئے دُعا مانگی تھی۔ چُنانچہ خُداوند نے جو مُراد مَیں نے اُس سے مانگی تھی مُجھے عطا کی۔ 28 ۔ اَور اِسی لئے مَیں نے بھی اُسے خُداوند کو واپس دے دِیا۔یہ اپنی زِندگی بھر کے لئے خُداوند کو دے دیا گیا ہے۔ اَور اُنہوں نے وہاں خُداوند کو سجدَہ کِیا۔