باب

1 ۔ خُداوند کا ظہُورِ ثانی اَور ایسا ہُوا کہ جب سُلیمان خُداوند کا گھر اَور شاہی محلّ بنانے سے فارِغ ہُوا۔ اَور اُس سب کُچھ سے جو سُلیمان کی خواہش تھی، کہ کرے ۔ 2 ۔ تو خُداوند سُلیمان پر دُوسری دفعہ ظاہر ہُوا۔ جیسا کہ اُس پر جِبعُون میں ظاہر ہُوا تھا۔ 3 ۔اَور خُداوند نے اُس سے کہا کہ مَیں نے تیری دُعا اَور تیری مِنّت جو تُو نے میرے آگے کی، سُنی۔ اَور مَیں نے اُس گھر کو جو تُو نے بنایا مُقدّس کِیا۔ تاکہ میرا نام اُس میں اَبد تک رہے۔ اَور میری نِگاہ اَور میرا دِل وہاں ہمیشہ لگارہے گا۔ 4 ۔ اَور اگر تُو میرے حضُور ایسے چلے جیسا کہ تیرا باپ داؤد سادگی اَور راستی سے چلتا تھا۔ اَور جو مَیں نے تُجھے حُکم دِیا اُس پر تُو عمل کرے۔ اَور میرے قَوانِین اَور میرے آئین کو مانے۔ 5 ۔ تو مَیں تیری سَلطنَت کا تخت اِسرائیل پر اَبد تک قائم رکھُّوں گا۔ جیسا کہ مَیں نے تیرے باپ داؤد سے کلام کرکے کہا۔ کہ اِسرائیل کے تخت سے تیرے لئے مَرد کی کمی نہ ہوگی۔ 6 ۔ اَور اگر تُم یا تُمہارے بیٹے میری پیروی کرنے سے برگشتہ ہوں۔ اَور میرے اِحکام اَور میرے قَوانِین کو جو مَیں نے تُمہارے لئے ٹھہرائے نہ مانو۔ اَور جا کر اجنبی مَعبُودوں کی پرستِش کرو۔ اَور اُنہیں سجدَہ کرو۔ 7 ۔ تو مَیں اِسرائیل کو اُس مُلک سے جو مَیں نے اُنہیں عطا کِیا الگ کر دُوں گا۔ اَور اُس گھر کو جِسے مَیں نے اپنے نام کے لئے مُقدّس کِیا، اپنی نظر سے گِرادوں گا۔ اَور اِسرائیل سب قوموں میں ضربُ المِثل اَور اَنگشُت نُما ہوگا۔ 8 ۔اَور یہ گھر جائے عِبرت ہوگا۔ اَور جو کوئی اِس کے پاس سے گُزرے گا حیران ہوگا۔ اُس کی حقارت کرے گا اَور کہے گا۔ کہ خُداوند نے اِس مُلک اَور اِس گھر سے ایسا کیوں کِیا۔ 9 ۔ تو اُسے جَواب دِیا جائے گا۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے خُداوند خُدا کو جو اُن کے باپ دادا کومُلکِ مِصر سے باہر نِکال لایا۔ چھوڑ دِیا۔ اَور اجنبی مَعبُودوں کو اِختیار کِیا۔ اَور اُنہیں سجدَہ کِیا۔ اَور اُن کی پرستِش کی۔ اِس سبب سے خُداوند نے اُن پر یہ ساری بَلا نازِل کیا۔ 10 ۔شہروں کی تعمیر جب بیس برس کے بعد سُلیمان دونوں گھر یعنی خُداوند کی ہَیکل اَور شاہی محلّ بنا چُکا ۔ 11 ۔ تو اُس نے صُور کے بادشاہ حیرام کو گلیل کے علاقہ میں دس شہر دیئے۔ کیونکہ حیرام نے دیودار اَور سرو کی لکڑی اَور سوناسُلیمان کے پاس اُس کی حسبِ منشا پُہنچایا تھا۔ 12 ۔ تب حیرام صُور سے نِکلا۔ تاکہ اُن شہروں کو جو سُلیمان نے اُسے دیئے تھے، دیکھے۔ اَور وہ اُس کی نظروں میں اچھّے نہ لگے۔ 13 ۔ تو اُ س نے کہا۔ اَے میرے بھائی! یہ کیا شہر ہَیں جو تُو نے مُجھے دیئے؟ اَور اُس نے اُن کا نام کبُول کا علاقہ رکھّا جو آج تک ہَے۔ 14 ۔ اَور سونا جو حیرام نے بادشاہ کے پاس بھیجا تھا۔ ایک سَو بیس قنطار تھا۔ 15 ۔اَور یہ سبب ہَے۔ جس کے لئے سُلیمان بادشاہ نے بیگاری لگائے۔ کہ خُداوند کی ہَیکل اَوراپنا محلّ بنائے۔ اَور مِلّو اَور یرُوشلیِم کی دِیوار حصُوراَور مَجّدو اَورجزر تعمیر کئے۔ 16 ۔ مِصر کے بادشاہ فِرعون نے جزر پر چڑھ کر اُسے لے لِیا اَور آگ سے جَلایا۔ اَور کنِعانیوں کو جو شہر میں بسے ہُوئے تھے قتل کرکے اُسے اپنی بیٹی سُلیمان کی بیوی کو جہیز دِیا۔ 17 ۔سو سُلیمان نے جزر اَور نشیبی بَیت حورون کو تعمیر کِیا۔ 18 ۔ اَور بِیابان کے علاقہ میں بَعلات اَور تمرکو۔ 19 ۔ اَور تمام ذخائر کے شہر جو سُلیمان کے تھے۔ اَور رتھوں کے شہر اَور سَواروں کے شہر اَور جو کُچھ کہ سُلیمان یرُوشلیِم میں اَور لُبنان میں اَور اپنی مَملُکَت کی تمام زمین میں بنانا چاہتا تھا۔ 20 ۔ اَور اُس نے اُن لوگوں کو جو اَموریوں اَورحتِیّوں اَور فِرزّیوں اَور حِوّیوں اَور یبُوسیوں سے باقی تھے۔ جو بنی اِسرائیل میں سے نہ تھے۔ 21 ۔ اَور اُن کی اولاد جو اُن کے بعد مُلک میں باقی رہی جِنہیں بنی اِسرائیل نابُود نہ کرسکے۔ سُلیمان نے غُلام بناکر بے گار میں لگایا جیسا آج تک ہَے۔ 22 ۔ لیکن بنی اِسرائیل میں سے سُلیمان نے کِسی کو غُلام نہ بنایا۔ کیونکہ وہ اُس کے جنگی مَرد اَور مُلازِم اَور رئیس اَور اُمراءاَوررتھوں اَور سَواروں کے سردار تھے۔ 23 ۔ اَور یہ رئیس سُلیمان کے کاموں پر مُقرر تھے۔ پانچ سَو پچاس مَرد سارے کار گُزاروں کے گروہ کے سردار تھے۔ 24 ۔ اَور فِرعون کی بیٹی داؤد کے شہر سے اپنے اُس گھر میں آئی جو اُس نے اُس کے لئے بنایا تھا۔ اَور تب اُس نے مِلّو کو تعمیر کِیا۔ 25 ۔ اَور سُلیمان سال میں تین دفعہ سوختنی قُربانیاں اَور سلامتی کے ذَبیحے اُس مذَبح پر جو اُس نے خُداوند کے لئے بنایا چڑھاتا تھا۔ اَور خُداوند کے سامنے بخُور جَلاتا تھا۔ اَور اُس نے گھر کو مُکمل کِیا۔ 26 ۔اَور سُلیمان بادشاہ نے عِصیون جابر میں جو ایلوت کے قریب ہَے، بُحیرئہ قُلزم کے ساحِل پر اِدوم کے مُلک میں جہاز بنائے۔ 27 ۔ اَور حیرام نے سُلیمان کے نو کروں کے ساتھ اپنے نوکر ملّاح جو سمُندر سے واقِف تھے، بھیجے۔ 28 ۔ اَور وہ اوفیر کو گئے۔ اَور اُنہوں نے وہاں سے چار سَو بیس قنطار سونالِیا جِسے وہ سُلیمان بادشاہ کے پاس لائے