باب

1 ۔سُلیمان کی بُت پرستی اَور سُلیمان فِرعون کی بیٹی کے علاوہ اَور بُہت سی اجنبی عورتوں کو چاہنے لگا۔ جو موآبیوں اَور عمّونیوں اَور اِدومیوں اَور صیدُانیوں اَور حِیّتوں سے تھیں ۔ 2 ۔ اَور اُن قوموں سے جن کی بابت خُداوند نے بنی اِسرائیل سے کہا تھا۔ کہ تُم اُن سے نہ مِلو اَور نہ وہ تُم سے مِلیں۔ کیونکہ وہ تُمہارے دِلوں کو اپنے مَعبُودوں کی پیروی کے لئے مائِل کرائیں گی۔ اَور سُلیمان اُن کے عشِق کے باعِث اُن سے لِپٹا۔ 3 ۔ اَور اُس کی سات سَو بیویاں اَور تین سَو حرمیں تھیں۔ تو عورتوں نے اُس کے دِل کو برگشتہ کِیا۔ 4 ۔ جب سُلیمان بُوڑھا ہُوا۔ تو اُس کی بیویوں نے اُس کے دِل کو اجنبی مَعبُودوں کی پیروی کی طرف مائِل کِیا۔ تو اُس کا دِل خُداوند اپنے خُدا کی طرف کامِل نہ رہا جیسا کہ اُس کے باپ داؤد کا تھا۔ 5 ۔ اَور سُلیمان نے صیدُانیوں کی دیوی عِستَارِات کی اَور بنی عمّون کے بُت مِلکوم کی پرستِش کی۔ 6 ۔ اَور سُلیمان نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ اَور اپنے باپ داؤد کی طرح اُس نے خُداوند کی پُورے طور پر پیروی نہ کی۔ 7 ۔ تب سُلیمان نے موآب کے بُت کموس کے لئے اُس پہاڑ پر جو یرُوشلیِم کے سامنے ہَے۔ اَور بنی عمّون کے بُت مِلکوم کے لئے ایک اُونچی جگہ بنائی۔ 8 ۔ اَور ایسا ہی اُس نے اپنی سب اجنبی عورتوں کے واسطے کِیا۔ جو اپنے مَعبُودوں کے آگے بخُور جَلاتی اَور قُربانیاں گُزرانتی تھیں ۔ 9 ۔تب خُداوند سُلیمان سے ناراض ہُوا۔ کیونکہ اُس کا دِل خُداوند اِسرائیل کے خُدا سے جو دو دفعہ اُس پر ظاہر ہُوا تھا پِھر گیا۔ 10 ۔ اَور اِس بات کے بارے میں اُس نے حُکم فرمایا تھا کہ وہ دُوسرے مَعبُودوں کی پیروی نہ کرے۔ مگر خُداوند نے جو حُکم اُسے دِیا تھا۔ اُس نے نہ مانا۔ 11 ۔ تو خُداوند نے سُلیمان سے کہا۔ چونکہ تُو نے یہ کِیا ہَے اَور میرے عہد کو اَور میرے قِوانِین کو جِن کا مَیں نے تُجھے حُکم دِیا، تُو نے نہیں مانا۔ تو مَیں تیری سَلطنَت تقسیم کروں گا۔ اَور اُسے تیرے خادِم کو دُوں گا۔ 12 ۔ لیکن تیرے باپ داؤد کی خاطِر مَیں تیرے دِنوں میں ایسا نہ کرُوں گا۔ پر تیرے بیٹے کے ہاتھ سے مَیں اُسے تقسیم کروں گا۔ 13 ۔ اَور مَیں ساری مَملُکَت کو نہ تقسیم کروں گا۔ مگر اپنے بندے داؤد کی خاطِر اَور یرُوشلیِم کی خاطِر جِسے مَیں نے چُن لِیا۔ تیرے بیٹے کو ایک قبیلہ دُوں گا۔ 14 ۔ سُلیمان کے مُخالِف اَور خُداوند نے سُلیمان کا ایک مُخالِف برپا کیا ہدد اِدومی جو اِدوم کے بادشاہوں کی نسل سے تھا۔ 15 ۔ اَور یہ ایسے ہُوا کہ جب داؤد ادِوم میں تھا۔ تو لشکر کا سردار یوآب گیا۔ تاکہ مقتُولوں کو دفن کرے۔ تب اُس نے اِدوم کے سب مَرد قتل کِئے۔ 16 ۔ کیونکہ یوآب اَور سب اِسرائیل وہاں چھ مہینے ٹھہرے یہاں تک کہ اِدوم کے ہر ایک مَرد کو قتل کِیا۔ 17 ۔ تب ہدد بھاگا اَور وہ اَور اُس کے باپ کے نو کروں میں اِدوم کے بعض آدمی مِصر کو جانے کے لئے بھاگے اُس وقت ہدد ایک چھوٹا لڑکا تھا۔ 18 ۔ اَور وہ مِدیان سے اُٹھا اَور فاران میں آیا۔ اَور فاران سے اپنے ساتھ آدمی لے کر مِصر کے بادشاہ فِرعون کے پاس مِصر میں گیا۔ جس نے اُسے گھر دِیا۔ اَور اُس کے لئے خُوراک کا حُکم دِیا۔ اَور اُسے زمین عطا کیا۔ 19 ۔ اَور ہدد فِرعون کا نہایت منظُورِ نظر ہُوا۔ یہاں تک کہ اُس نے اُسے اپنی بیوی تَحفِنیس مَلِکہ کی بہن بِیاہ دی۔ 20 ۔ توتَحِفنیس کی بہن سے اُس کے لئے ایک بیٹا جنُوبت نامی ہُوا۔ اَور تحفِنیس نے فِرعون کے گھر ہی میں اُس کی پرورِش کی۔ اَور جنُوبت فِرعون کے گھر میں فِرعون کے بیٹوں کے درمیان رہا ۔ 21 ۔ اَور جس وقت ہدد نے مِصر میں سُنا۔ کہ داؤد اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور لشکر کا سردار یوآب مَرگیا۔ تو اُس نے فِرعون سے کہا۔ مُجھے رُخصت دے کہ مَیں اپنے مُلک کو جاوُں۔ 22 ۔ فِرعون نے اُس سے کہا۔ کہ میرے پاس تُجھے کِس چیز کی کمی ہَے کہ تُو اپنے مُلک کو جانا چاہتا ہَے۔ اُس نے کہا۔ کِسی چیز کی نہیں۔ لیکن تُو مُجھے جانے دے۔ 23 ۔ اَور خُداوند نے سُلیمان کا ایک دُوسرا مُخالِف رِزون بِن الیدع برپا کِیا۔ وہ اپنے آقا ضوباہ کے بادشاہ عدد عزر سے بھاگا تھا۔ 24 ۔ تو اُس کے پاس آدمی جمع ہُوئے۔ اَور وہ ڈاکُوؤں کا سردار بنا۔ جس وقت کہ داؤد نے اُنہیں ہلاک کِیا۔ تو وہ دمشق کو گئے اَور وہاں رہے۔ اَور اُنہوں نے اُسے دمشق میں بادشاہ بنایا۔ 25 ۔ اَور وہ ہدد کی شرارت سے بڑھ کر سُلیمان کے سارے ایّام میں اِسرائیل کا مُخالِف رہا۔ اَور اُس نے اِسرائیل سے نفرت کی۔ اَور اِدوم کا حاکِم رہا۔ 26 ۔اَور صریدہ سے یربعام بِن نباط افرائیمی نے بھی جو سُلیمان کا نوکر تھا جس کی ماں کا نام صَرُوعہ تھا اَور وہ بیوہ عورت تھی بادشاہ کے خلاف اپنا ہاتھ اُٹھایا۔ 27 ۔ اَور بادشاہ کے خلاف اُس کے ہاتھ اُٹھانے کا یہ سبب تھا۔ کہ بادشاہ مِلّوکی تعمیر کرتا تھا۔ اَور اپنے باپ داؤد کے شہرکی شِکسَتگی کی مَرمّت کرتا تھا۔ 28 ۔اَور یہ یربعام بڑا طاقتور دلیر مَرد تھا۔ تو جب سُلیمان نے دیکھا۔ کہ یہ جوان محنتی ہَے۔ تو اُسے بنی یُوسف کے کاموں پر جو کِئے جاتے تھے، مُختار مُقرّر کِیا۔ 29 ۔ اَور اُنہی دِنوں میں یربعام یرُوشلیِم سے باہر گیا۔ تو اُسے راہ میں سیلانی اخیاہ نبی مِلا۔ جو ایک نئی چادر اوڑھے ہُوئے تھا۔ اَور وہ دونوں بِیابان میں اکیلے تھے۔ 30 ۔ تو اَخیاہ نے نئی چادر جو اُس پر تھی پکڑی اَور اُسے تقسیم کر کے بارہ ٹُکڑے کئے۔ 31 ۔ اَور یربعام سے کہا کہ تُو اپنے لئے دس ٹُکڑے لے۔ کیونکہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا اِس طرح فرماتا ہَے۔ دیکھ مَیں نے سُلیمان کے ہاتھ سے سَلطنَت تقسیم کر ڈالی۔ اَور تُجھے دس قبیلے عطا کئے۔ 32 ۔ مگر میرے بندے داؤد اَور شہر یرُوشلیِم کی خاطِر جِسے مَیں نے اِسرائیل کے تمام قبائل میں سے چُن لِیا ایک قبیلہ اُس کے لئے ہوگا۔ 33 ۔ کیونکہ اُس نے مُجھے چھوڑ دِیا اَور صیدُانیوں کی دیوی عِستَارِات اَور موآبیوں کے بُت کمو س اَور بنی عمّون کے مَعبُود مِلکوم کو سجدَہ کِیا۔ اَور میری راہ پر نہ چلا کہ جو کُچھ میری نِگاہ میں راست ہَے وہ کرتا۔ اَور میرے اِحکام اَور قَوانِین کو اپنے باپ داؤد کی طرح مانتا۔ 34 ۔ تو بھی مَیں ساری سَلطنَت اُس کے ہاتھ سے نہ لُوں گا۔ بلکہ اپنے بندے داؤد کی خاطِر جِسے مَیں نے اِس لئے برگزیدہ کِیا۔ کہ اُس نے میرے اِحکام وقَوانِین مانے اُس کی زِندگی کے سارے دِنوں میں اُسے حاکِم رکھُّوں گا۔ 35 ۔ پر اُس کے بیٹے کے ہاتھ سے سَلطنَت لے لُوں گا۔ اَور اُس میں سے دس قبیلے تُجھے دُوں گا۔ 36 ۔ اَور اُس کے بیٹے کو ایک قبیلہ دُوں گا۔ تاکہ میرے بندے داؤد کا چراغ یرُوشلیِم کے شہر میں جِسے مَیں نے اپنے لئے چُن لِیا۔ کہ اپنا نام اُس میں رکھُّوں۔ میرے آگے ہمیشہ تک روشن رہے۔ 37 ۔ اَور مَیں تُجھے لے لُوں گا اَور تو اُن سب پر جِن کی تیرے دِل میں خواہش ہَے سَلطنَت کرے گا۔ اَور اِسرائیل پر بادشاہ ہوگا۔ 38 ۔ اگر تُو وہ سب کُچھ کرے جس کا مَیں تُجھے حُکم دُوں اَور میری راہوں پر چلے اَور جو کُچھ میری نِگاہ میں راست ہَے وہ کرے۔ میرے قَوانِین اَور اِحکام کو میرے بندے داؤد کی مانند مانے۔ تو مَیں تیرے ساتھ ہُوں گا۔ اَور تیرے لئے پائیدار گھر بناؤں گا۔ جیسا مَیں نے داؤد کے لئے بنایا۔ اَور اِسرائیل کو تُجھے دُوں گا۔ 39 ۔اَور مَیں اِسی سبب سے داؤد کی نسل کو دُکھ دُوں گا۔ لیکن ہمیشہ کے لئے نہیں ۔ 40 ۔اَور سُلیمان نے یربعام کو قتل کرنا چاہا۔ پر وہ اُٹھا اَور مِصر کو مِصر کے بادشاہ سیساق کے پاس بھاگ گیا۔ اَور سُلیمان کی وفات تک مِصر ہی میں رہا۔ 41 42 43 ۔ سُلیمان کی وفات اَور سُلیمان کا باقی احوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اَور اُس کی حِکمَت کی تعریف کیاوہِ سُلیمان کے احوال کی کِتاب میں درج نہیں؟ ۔ اَور سُلیمان کی سَلطنَت کے ایّام تمام اِسرائیل پر یرُوشلیِم میں چالیس برس تھے۔ ۔ اَور سُلیمان اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور اپنے باپ داؤد کے شہرمیں دفن کِیاگیا۔ اَور اُس کا بیٹا رحبَعَام اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔