باب

1 بھائیو! اگر کوئی شخص کسی جرم میں پکڑا جائے اور تم جو روحانی ہو، تمہیں اپنا دھیان رکھتے ہوئے بڑی حلیمی سے اُسے بحال کرنا چاہیے تا کہ تم بھی آزمائش میں نہ پڑو۔ 2 ایک دوسرے کا بوجھ اٹھاؤ اور اِس طرح مسیح کی شریعت کو پورا کرو۔ 3 اگر کوئی اپنے آپ کو کچھ سمجھے مگر وہ کچھ نہ ہو تو وہ اپنے آپ کو فریب دیتا ہے۔ 4 مگر میں کہتا ہوں کہ ہر کوئی اپنے کام کی خود پرکھ کرے اور اس کے فخر کرنے کی وجہ ذاتی ہے جس سے دوسرے کو کوئی سروکار نہیں ۔ 5 اِس طرح ہر کوئی اپنا بوجھ خود اٹھائے گا۔ 6 ہر ایک جو کوئی کسی کو کلام سکھائے وہ اُن تمام اچھی باتوں میں اپنے اُستاد کو لازمی شریک کرے۔ 7 فریب مت کھاؤ، خدا مذاق نہیں ہے۔تاہم انسان جو بوتا ہے وہ اُسے ضرور کاٹے گا۔ 8 جو اپنی بدی کی فطرت سےبوتا ہے وہ تباہی کو اکٹھا کرے گا۔ 9 آؤ اچھائی کرنے میں ہمت نہ ہاریں کیونکہ اگر ہم ہمت نہیں ہاریں گے تو کٹائی کے وقت پر کاٹ لیں گے۔ 10 پس جب ہمیں موقع ملے تو ہمیں ہر ایک سے بھلائی کرنی چاہیے مگر خاص طور پر ایمان داروں سے بھلائی کریں۔ 11 دیکھو! میں تمہیں اپنے ہاتھ سے بڑے بڑے حروف میں لکھتا ہوں۔ 12 وہ جو جسمانی شہرت چاہتے ہیں وہ تمہیں ختنہ کرانے پر مجبور کرتے ہیں تاکہ وہ مسیح کی صلیب کے سبب سے ستائے نہ جائیں۔ 13 کیونکہ ختنہ کروانے والے خود بھی شریعت پر عمل نہیں کرتے مگر تمہارا ختنہ اس لیے کروانا چاہتے ہیں کہ تمہاری جسمانی حالت پر فخر کریں۔ 14 مگر ہمارا فخر خداوند یسوع مسیح کی صلیب کے سوا کبھی کچھ نہیں ہے۔ میں دنیا کے اعتبار سے اور دنیا میرے اعتبار سے مصلوب ہوئی۔ 15 مختونی اور غیر مختونی کوئی چیز نہیں ہے بلکہ نئی انسانیت اہم ہے۔ 16 وہ سب جو اِس اصول کے تحت جئیں گے، یقیناً اُن پر اسرائیل کے خدا کی رحمت اور سلامتی رہے گی۔ 17 اب سے مجھے کوئی تکلیف نہ دے اِس لئے کہ میں یسوع کے زخم اپنے بدن پر لئے پھرتا ہوں۔ 18 بھائیو! ہمارے خداوند یسوع مسیح کا فضل ہمیشہ تمہاری روحوں میں بسا رہے۔ آمین