1 ۱۔یہوداہ کی طرف سے جو یسوع مسیح کا بندہ اور یعقوب کا بھائی ہے۔اُ ن بلائے ہوؤں کے نام جو خدا باپ میں پیارے اور یسوع مسیح کے لئے محفوظ ہیں۔ 2 ۲۔ تم میں رحم، سلامتی اور پیار بڑھتا رہے۔ 3 ۳۔ عزیزو جب میں تمہیں ہماری مشترکہ نجات کے بارے میں لکھنے کی پوری کوشش کر رہا تھا تو میں نے تمہیں یہ نصیحت لکھنا ضروری سمجھا کہ تم اُس ایمان کے لئے پوری کوشش کرو جومقدسین کو ایک بارمیں دے دیا گیا تھا۔ 4 ۴۔ کیونکہ کچھ لوگ چھپ چھپ کر ہم میں آ ملے ہیں یہ وہ ہیں جن کی سزا قدیم سے لکھ دی گئی تھی،ایسے بے دین لوگ جو خدا کے فضل کو نفس پرستی میں تبدیل کر دیتے ہیں اورجو ہمارے واحد مالک اور خداوند یسوع مسیح کا انکار کر تے ہیں۔ 5 ۵۔ اب میں تمہیں یا د دلانا چاہتا ہوں جو کہ تم جانتے بھی ہو کہ ایک بار خداوند نے لوگوں کو مصر کی سرزمین سے نکال کر بچایا تھا لیکن بعد میں اُن کو برباد کر دیا جو ایمان نہ لائے۔ 6 ۶۔ اور جن فرشتوں نے اپنےاختیارکو قائم نہ رکھا بلکہ اپنے خاص مقام کو چھوڑ دیا ۔خدا نے اُنہیں عدالت کے عظیم دن کے لئے زنجیروں میں جکڑ کر تاریکی میں ڈال دیا۔ 7 ۷۔ یہ بالکل سُدوم اور عمورہ اور اُن کے اِرد گرد کےشہروں کی مانند ہیں جنہوں نے اپنے آ پ کو حرام کاری کے حوالہ کر دیا اور غیر فطری خواہشات کی پیروی میں پڑ گئے۔ وہ اب اُن کی مثال کے طور پر پیش کیے جاتے تھے جو ابدی آگ میں سزا کا دکھ اٹھاتے ہیں۔ 8 ۸۔ تو بھی اِسی طرح یہ خواب دیکھنے والےاپنے جسم کو ناپاک کرتے ہیں جو اختیار والوں کو بھی رد کر تے ہیں اور وہ ہر طرح کی بُری بات عزت دار لوگوں کے بارے میں کرتے ہیں۔ 9 ۹۔ لیکن مقرب فرشتہ میکائیل نے اِبلیس سے موسیٰ کی لاش پر تکرار کرتے ہوئے بھی اُ س کو لعن طعن نہیں کیا بلکہ کہا کہ خداوند تجھے ملامت کرے۔ 10 ۱۰۔ مگر یہ لوگ اُن سب پرلعن طعن کرتے ہیں جن باتوں کو یہ نہیں سمجھتے اور جن کو جانوروں کی طرح طبعی طو رپر سمجھتے ہیں اُن میں خود کو خراب کرتے ہیں۔ 11 ۱۱۔ افسوس اُن پر کہ وہ قائن کی راہ پر چلے اور پیسوں کے لئے بلعام کے گناہ میں گر جاتے ہیں اور قورح کی بغاوت میں فنا ہو جاتے ہیں۔ 12 ۱۲۔یہ تمہارے پیار سے تیار کی گئی ضیافتوں میں چھپی ہوئی چٹانوں کی طرح ہیں ۔جب وہ بے شرمی سے تمہارے ساتھ ضیافت میں شریک ہوتے ہیں ، یہ ایسے چرواہے ہیں جو صرف اپنا پیٹ بھرتے ہیں۔ یہ سوکھے بادل ہیں جنہیں ہوائیں اڑا لے جاتی ہے ؛ یہ خزاں کے وہ بے پھل درخت ہیں ،جو دوبارہ مر چکے اور جڑ سے اکھاڑ کر پھینکے گئے ہیں۔ 13 ۱۳۔ یہ سمندر کی پُر جوش لہریں ہیں جو بے شرمی سے جھاگ اچھالتی ہیں،یہ آوارہ گرد ستارے ہیں جن کے لئے گہری تاریکی رکھی گئی ہے۔ 14 ۱۴۔ اور ایسوں کے لئے حنوک نے جو آدم سے ساتویں پشت سے تھا، نے کہا کہ، ’’دیکھو!خداوند اپنے لاکھوں مقدسین کے ساتھ آیا۔ 15 ۱۵۔ تاکہ تمام لوگوں کا انصاف کرے اور تمام بے دینوں کو اُن کے کاموں کےلئے مجرم ٹھہرائے۔‘‘ 16 ۱۶۔ یہ بڑ بڑانے والے اور شکایتیں کرنے والے ہیں جو اپنی بُری خواہشات کے پیچھے چلتے ہیں ،اپنے منہ سے بڑے بول بولنے والے جو اپنے فائدہ کے لئے دوسرے لوگوں کی تعریف کرتے ہیں۔ 17 ۱۷۔ لیکن تم پیارو،اُن الفاظ کو یاد رکھو جو خداوند یسوع مسیح کے شاگردوں کے ذریعہ پہلے کہے جا چکے ہیں۔ 18 ۱۸۔وہ تم سے کہتے تھے،’’ اخیر زمانہ میں ایسے ٹھٹھا کرنے والے آئیں گے جو اپنی بے دینی کی خواہشات کے مطابق چلیں گے۔ 19 ۱۹۔ یہ وہ افراد ہیں جو لوگوں میں تفرقے ڈالتے اورجسمانی کے محکوم ہیں اور روح سے خالی ہیں۔ 20 ۲۰۔ لیکن تم اے عزیزو! اپنے پاک ایمان میں ترقی کرتے اور روح میں دُعا کرکے ۔ 21 ۲۱۔ اپنے آپ کو خدا کی محبت میں قائم رکھو اور ہمارے خداوند یسوع مسیح کی رحمت کو تکتے رہوجوہمیں ابدی زندگی دیتا ہے۔ 22 23 ۲۲۔ ۲۳ ۔ اور جو شک میں مُبتلا ہیں اُن پر رحم کرو؛ بعض کو آگ میں سے نکال کر بچاؤ؛بعض پر خوف کھاتے ہوئےرحم کرو؛ خون کا دھبہ لگے ہوئے لباس سے بھی نفرت کرو۔ 24 ۲۴۔ اب اُس کو جو تم کو ٹھوکر لگنے سے بچا سکتا ہے اور اپنی پُر جلال موجودگی میں کمال خوشی کے ساتھ بے عیب کرکے کھڑا رکھ سکتاہے۔ 25 ۲۵۔ اُس واحد خدا اور منجی کو ہمارے خداوند یسوع مسیح کے وسیلہ سے جلال اور عظمت اور سلطنت اور اختیار جو ازل سے تھا اب بھی ہے اور ابد تک قائم رہے۔آمین۔