باب

1 ۔ صندوقِ شہادت کا لایا جانا اَور اُس نے داؔؤد کے شہر میں اپنے لئے گھر بنائے۔ اَور خُدا کے صندُوق کے لئے ایک مقام تیاّر کِیا۔ اُور اُس کے لئے ایک خَیمہ لگایا۔ 2 ۔تب داؔؤد نے کہا۔ کہ لاویوں کے سِوا خُدا کے صندُوق کو کوئی نہ اُٹھائے کیونکہ خُداوند نے اُنہیں خُدا کا صندُوق اُٹھانے اَور ہمیشہ تک اُس کی خدمت کرنے کے لئے چُنا ہَے۔ 3 ۔اَور داؔؤد نے تمام اِسرؔائیل کو یرُوشلِیؔم میں جمع کِیا۔ تاکہ خُداوند کے صندُوق کواُس مقام میں لے آئیں جو اُس نے اُس کے لئے تیّار کِیا تھا۔ 4 ۔اَورداؔؤد نے بنی ہارُوؔن اَور لاویوں کو جمع کِیا۔ 5 ۔اَور وہ یہ تھے۔ بنی قہاتؔ سے اُورؔی ایل رئیس اَور اُس کے بھائی ایک سَو بیس۔ 6 ۔اَور مَرارؔی میں سے عسَاؔیاہ رئیس اَور اُس کے بھائی دو سَو بیس۔ 7 ۔اَور بنی جیرسؔوم سے یوایؔل رئیس اَور اُس کے بھائی ایک سَو تیس۔ 8 ۔اَور بنی الیصفن سے سمعیاہ رئیس اَور اُس کے بھائی دو سَو۔ 9 ۔اَور بنی حِبروؔن سے اِلی ایؔل رئیس اَور اُس کے بھائی اَسّی۔ 10 ۔اَور بنی عُزّی ایؔل سے عمّیندابؔ رئیس اَور اُس کے بھائی ایک سَوبارہ۔ 11 ۔اَور داؔؤد نے صَدوؔق اَور ابیاتر کاہِنوں اَور اُورؔی ایل اَور عسَؔایاہ اَور یوایؔل اَورسمعیاہ اَور اِلیؔ ایل اَور عمّیندابؔ لاویوںکو بُلایا۔ 12 ۔اَور اُن سے کہا کہ تُم لاویوں کے آبائی رئیس ہو۔ پس تم اپنے آپ کو اپنے بھائیوں سمیت پاک کرو تاکہ تُم خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کے صندُوق کو اُس جگہ میں لے آؤ جو اُس کے لئے تیاّر کی گئی ہَے۔ 13 ۔کیونکہ جب تُم نے پہلی دفعہ اُسے نہ اُٹھایا تو خُداوند ہمار ا خُدا ہم پر ٹوٹ پڑا کیونکہ ہم شریعت کے مُطابِق اُس کے طالِب نہیں ہُوئے تھے۔ 14 ۔تب کاہِنوں اَور لاویوں نے اپنے آپ کو پاک کِیا۔ تاکہ خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کے صندُوق کو لائیں۔ 15 ۔اَور بنی لاوؔی نے خُدا کے صندُوق کو چوبوں سے اپنے کندھوں پر اُٹھایا۔ جیسا کہ مُوسؔیٰ نے خُداوند کے قول کے مُطابِق حُکم کِیا تھا۔ 16 ۔اَور داؔؤد نے لاویوں کے رئیسوں سے بات کی۔ کہ اپنے بھائیوں میں سے موسیقی کے سازوں بانسریوں اَور بربطوں اَور منجیروں پر گانے والے مُقرّر کریں۔ تاکہ خُوشی کا شور اُونچا گوُنجے۔ 17 ۔تب لاویوں نے ہیماؔن بِن یوایؔل کو مُقرّر کِیا۔ اَور اُس کے بھائیوں میں سے آسف بِن برِکؔیاہ کو اور اُن کے بھائیوں بنی مَرارؔی سے ایتؔان بِن قُوسیاہ کو۔ 18 ۔اَور اُن کے ساتھ اُن کے بھائی دُوسرے درجہ کہ۔ زِکرؔیاہ اَور یعزیئیل اَور سِمیراموؔت اَور یحیئیؔل اَور عُنّی اَور اِلیاب اَور بناؔیاہ اَور مَعسیاہ اَور مَتّتیاہ اَور اِلفلہو اَور مِقنیؔاہ ۔ اَور عوبید اِدوؔم اَور یعی ایؔل۔ درباؔن۔ 19 ۔پس۔ ہیماؔن اَور آسف اَور ایتاؔن پِیتل کی جھانجھوں کے ساتھ گانے والے تھے۔ 20 ۔اَور زِکؔریاہ اَور عُزّیئیل اَور سِمیؔراموت اَور یحیئیل اَور عُنّی اَور اِلیابؔ اَور مَعسیاہ اَور بناؔیاہ اُونچی سُر کے ساتھ۔ 21 ۔اَور مَتّتؔیا اَور اِلفلہو اَور مقِنؔیاہ اَور عوبید اِدوؔم اَور یعیئیل اَور عزز ؔیاہ بربطوں کے ساتھ نیچی سُر کے ساتھ گِیت گاتے تھے۔ 22 ۔اَور گانے میں لاویوں کا رئیس کِنَانیاہ گانا سِکھاتا تھا۔ کیونکہ وہ اُس میں ماہر تھا۔ 23 ۔اَور برِکؔیاہ اَور اِلقاؔنہ صندُوق کے دربان تھے۔ 24 ۔اَور شِبِنؔیاہ اَور یہوسفط اَور نِتَنئیل اَور عماسؔی اَور زِکرؔیاہ اَور بناؔیاہ اَور اِلیعزر کاہِن خُدا کے صندُوق کے آگے نرسِنگے پھُونکتے تھے۔ اَور عوبید اِدوؔم اَور یحیاہ دربان تھے۔ 25 ۔اَور داؔؤد اَور اِسرؔائیل کے بزُرگ اَور ہزاروں کے سردار روانہ ہُوئے۔ تاکہ خُداوند کے عہد کے صندُوق کو عوبؔیداِدوم کے گھر سے خُوشی مناتے ہُوئے لائیں۔ 26 ۔اَور جب خُدا نے اُن لاویوں کی مدد کی جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کواُٹھائےہُوئے تھے تو اُنہوں نے سات بَیل اَور سات مینڈھے ذَبح کِئے۔ 27 ۔اَور داؔؤد اَور سب لاوؔی صندُوق کے اُٹھانے والے اَور گانے والے اَور کِناِنؔیاہ گانے والوں پر راگ کا سردار کَتان کے پیراہن پہنے ہُوئے تھے اَور داؔؤد کَتان کا اَفود بھی پہنے تھا۔ 28 ۔اَور سارے اِسرؔائیل پُکارتے ہُوئے اَور تُرہیوں اَور نِرسنگوں اَور جھانجھوں کی آواز کے ساتھ بانسریاں اَور بربطیں بجاتے ہُوئے خُداوند کے عہد کے صندُوق کو لائے۔ 29 ۔اَور جب خُداوند کے عہد کا صندُوق داؔؤد کے شہر میں داخِل ہُؤا۔ تو مِیکؔل ساولؔ کی بیٹی نے کھڑکی سے جھانکا۔ اَور داؔؤد بادشاہ کو ناچتے اَور کھیلتے دیکھا۔ تو اُس نے اپنے دِل میں اُس کی حقارت کی۔