1 ۔ صندُوقِ شہادت اشدود میں اَور فلِستیوں نے خُدا کے صندُوق کو لِیا۔ اَورابن عزر سے اُسے اشدود میں لے گئے۔ 2 ۔ اَور فلسِتِی خُدا کے صندُوق کو لے کر دجون کے مندر میں لائے۔ اَور دجون کے قریب اُسے رکھّا۔ 3 ۔ اَور دُوسرے دِن جب اشدودی صُبح کو اُٹھے۔ تو دیکھو۔ دجون خُداوند کے صندُوق کے سامنے زمین پر مُنہ کے بَل پڑا ہے۔ تو اُنہوں نے دجون کو لے کر اُس کی جگہ پر پِھر رکھّ دیا۔ 4 ۔ پِھر دُوسرے دِن کی صُبح کو وہ سویرے اُٹھے۔ تو دیکھا۔ کہ دجون خُداوند کے صندُوق کے سامنے اپنے مُنہ کے بَل پڑا ہے اَور دجون کا سر اَور اُس کے دونوں ہاتھ کٹَے ہوئے دروازے کی دہلیز پر ہیں۔ 5 ۔ اَور اُس کا دھڑ اپنی جگہ میں ہے اِسی سبب سے دجون کے پُجاری اَور سب جو دجون کے مندر میں داخِل ہوتے ہیں۔ اشدود میں آج کے دِن تک دجون کے دروازے کی دہلِیز پر پاؤں نہیں رکھتے۔ 6 ۔ اَور اشدودیوں پر خُداوند کا ہاتھ بھاری ہوا۔ اَور اُس نے اُنہیں ہلاک کِیا۔ اَور اشدود میں اَور اُس کے نواح میں اُس نے اُنہیں گِلٹیوں سے مارا۔ 7 ۔ عہد کا صندوق جات میں جب اشدود کے رہنے والوں نے یہ دیکھا تو کہا کہ اِسرائیل کے خُدا کا صندُوق ہمارے پاس نہ ٹھہرے۔ کیونکہ اُس کا ہاتھ ہم پر اَور ہمارے معبُود دجون پر بھاری ہے۔ 8 ۔ تو اُنہوں نے بُلا بھیجا۔ اَور فلستیوں کے سارے سرداروں کو اپنے پاس جمع کِیا۔ اَور کہا۔ کہ ہم اِسرائیل کے خُدا کے صندُوق کے ساتھ کیا کریں؟ تو اُنہوں نے جَواب دِیا۔ کہ اِسرائیل کے خُدا کے صندُوق کو جات میں پُہنچایا جائے۔ تو وہ اِسرائیل کے خُداکے صندُوق کولے گئے۔ 9 ۔ اَور بعد اُس کے کہ خُداوند کا صندُوق وہاں لے گئے یُوں ہوا۔ کہ خُداوند کا ہاتھ اُس شہر پر بھاری ہوا۔ اَور اُس میں بڑی دہشت پڑی۔ اَور اُس نے شہر کے باشندوں کو چھوٹوں سے بڑوں تک مارا۔ اَور اُن کے گِلٹیاں نکلنے لگیں ۔ 10 ۔ عہد کا صندُوقِ عقرون میں تب اُنہوں نے خُدا کا صندُوق عقرون میں بھیجا۔ اَور خُدا کے صندُوق کے عقرون میں پُہنچنے پر ایسا ہوا۔ کہ عقرون کے رہنے والے چِلّائے اَور کہا۔ کہ وہ اِسرائیل کے خُدا کے صندُوق کو ہمارے ہاں لائے ہیں۔ تاکہ ہمیں اَور ہمارے لوگوں کو مار ڈالیں۔ 11 ۔ اَور اُنہوں نے بُلا بھیجا۔ اَور فلستیوں کے سب سرداروں کو اِکٹّھا کِیا۔ اَور کہا کہ اِسرائیل کے خُدا کے صندُوق کو بھیج دو۔ اَور اُس کی اپنی جگہ میں اُسے واپس کرو۔ تاکہ وہ ہمیں اَور ہمارے لوگوں کو قتل نہ کرے۔ کیونکہ تمام شہر پر مَوت کی دہشت پڑی۔ اَور خُداوند کا ہاتھ وہاں پر بڑا بھاری تھا۔ 12 ۔ اَور جو اُن میں سے نہ مَرے۔ وہ گِلٹیوںمیں گِرفتار ہوئے۔ اَور شہر کا چِلّانا آسمان تک بُلند ہوا۔